جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی کا ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار
نئی دہلی،21 مئی :۔
جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ہمراہ حکام کے المناک انتقال پر ایرانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت 8 اہم شخصیات کا ہیلی کاپٹر حادثے میں گزشتہ روز انتقال ہو گیا ۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر بھارت سمیت دیگر تمام اسلامی ممالک کے سر براہان نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بھارت میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر نے مرحوم ایرانی صدر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، "ڈاکٹر رئیسی کا انتقال نہ صرف تمام ایرانیوں کے لیے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک گہرا نقصان ہے۔ ہم ایرانی عوام کے غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی ایک پرعزم رہنما اور مدبر تھے جنہوں نے روزمرہ کی طرز حکمرانی اور ریاستی نظام میں عوام کے مفادات کو برقرار رکھنے کے لیے بہت سے سخت فیصلے کیے تھے۔ ان کی صدارت کو مغربی طاقتوں کے خلاف قابل ستائش مزاحمت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جو دوسرے ممالک کو معاشی استحصال کے لیے ہتھیار ڈالنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہیں فلسطینی کاز کی پرعزم حمایت اور صیہونی آبادکار استعمار اور فلسطین میں مظالم کے خلاف ان کی مزاحمت کے لیے بھی یاد رکھا جائے گا۔
سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر رئیسی نے ہندوستان-ایران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں شاندار شراکت کی۔ انہوں نے چابہار بندرگاہ کو ترقی دینے اور چلانے کے لیے بھارت کے ساتھ 10 سالہ معاہدے کو سیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ معاہدہ اسلامی جمہوریہ کے ساتھ انفراسٹرکچر اور تجارتی شراکت داری کو آگے بڑھایا ہے اور یہ دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے عوام کے لیے باعثِ فخر ثابت ہوگا۔ ہندوستان میں ایران کے تمام دوستوں کو ان کی کمی محسوس ہوگی۔اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے امیر نے ڈاکٹر رئیسی اور ان کے اہل خانہ کے لیے رحمت اور مغفرت کی دعا کی۔