جماعت اسلامی ہند کی اعلیٰ سطحی وفود کی دہلی میں یوروپی یونین اور جمہوریہ گیمبیا کے عہدیداران سے ملاقات

دونوں ممالک کے ذمہ داران سے ملاقات کر کے وفد میں شامل ارکان نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف بامعنی کردار ادا کرنے کی اپیل کی

نئی دہلی ،05 اگست :۔

جماعت اسلامی ہند کےایک اعلیٰ سطحی وفد نےامیر جماعت اسلامی ہند سید  سعادت اللہ حسینی کی قیادت  میں آج ہندوستان میں یوروپی یونین کے فد ،سیاسی امور کے سر براہ مسٹر کلاس نیمن سے ملاقات کی ۔اس اعلیٰ سطحی وفد میں امیر جماعت کےساتھ  جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر  پروفیسر سلیم انجینئر، ایس امین الحسن  ، نیشنل سیکرٹری ڈاکٹر رضوان رفیقی  اور دیگر معاونین شامل تھے۔

اس کے علاوہ ایک دیگر وفد نے   جس میں جماعت اسلامی ہند کے   نائب  امیر پروفیسر سلیم انجینئر، ملک معتصم خان  ،قومی سیکرٹریز، ڈاکٹر رضوان رفیقی اور لئیق احمد خان  شامل  تھے ،نے نئی دہلی میں جمہوریہ گیمبیا کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور   مصطفیٰ جوارا، معزز ہائی کمشنر، مسٹر ایبریما مبوب، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور جمہوریہ گیمبیا کے سفارت خانے کے کونسلرز اور سیکرٹریز سے ملاقات کی۔یہ اطلاع جماعت اسلامی ہند کے فیس بک پیج پر دی گئی ہے ۔

دونوں وفد کے ملاقات کا مقصد غزہ کے مسئلے پر دونوں ممالک کی توجہ مبذول کرانی تھی۔چنانچہ وفد میں شامل ارکان نے یورپی یونین اور جمہوریہ گیمبیا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ میں مصائب کے خاتمے کے لیے فعال، ٹھوس اور بامعنی کردار ادا کریں۔ وفد نے معزز سفیروں کے ذریعے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کریں، فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کریں اور آزاد خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی وکالت کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حالیہ دنوں میں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں متعدد مسلم تنظیموں کے ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اردن کے ہائی کمشنر سے ملاقات کر کے غزہ کے مسائل پر گفتگو کی تھی ۔جماعت اسلامی ہند مسلسل مختلف پلیٹ فارم پر فعال طریقے سے ملک کی نمائندہ اور سرکردہ مسلم تنظیموں کے ساتھ مل کر غزہ کے مسئلے کو اٹھا رہی ہے ۔