جماعت اسلامی ہند کا پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بازآبادکاری مہم کی شروعات

نئی دہلی،10ستمبر :۔
پنجاب اس وقت سیلاب کے شدید ترین آفات کا شکار ہے ۔پورے ملک سے لوگ سیلاب متاثرین کیلئے دعائیں کر رہے ہیں اور امدادی سامان بھی بھیجا جا رہا ہے ۔ دریں اثناجماعت اسلامی ہند کے قومی سکریٹری مولانا شفیع مدنی نے بھی دیگر جماعتی ذمہ داران کی ایک ٹیم کے ساتھ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ جماعت کی ٹیم نے کپور تھلہ ضلع کے گاؤں سلطانپور لودھی ، سنگرا اور باوپور جدید؛ پٹھانکوٹ ضلع کی تحصیل کولیا کے گاؤں سندر چک ، بہادرپور اور جالندھر کے گاؤں سندھپور کا معائنہ کیا۔ کولیا گاؤں میں آنے والے شدید سیلاب میں چار قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں جن میں تین بھائی بہن اور پچہتر سالہ دادی شامل ہیں۔ اس سیلاب میں گاؤں میں 30 پختہ مکانات بھی بہہ گئے ہیں۔
جماعت اسلامی کی ٹیم نے سکھ قائدین، گورنمنٹ نوڈل افسران اور متاثرہ افراد سے ملاقاتیں کیں اور ان کی فوری ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متاثرہ افراد سےبات چیت میں سیلاب زدگان کو بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت اور طریقہ کار پر گفتگو کی گئی۔
جماعت اسلامی ہند کے شفیع مدنی دیگر ذمہ داران کے ساتھ سیلاب متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے
مولانا شفیع مدنی نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند متاثرہ علاقوں کے لیے خوراک، پناہ گاہ ، پینے کا صاف پانی، طبی سہولیات اور طویل مدتی بازآبادکاری کے انتظامات وغیرہ پر کام کر رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندان جلد از جلد معمول کے مطابق اپنی زندگی شروع کر سکیں۔ اس وقت متاثرہ علاقوں میں جماعت اسلامی ہند اور سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے رضاکار ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں سرگرم عمل ہیں۔ رضاکار متاثرہ خاندانوں کو بنیادی ضروریات فراہم کر رہے ہیں، طبی امداد پہنچا رہے ہیں اور بے گھر افراد کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں ۔
مولانا شفیع مدنی نے مزید کہا کہ "جماعت اسلامی ہند اپنے معاون اداروں کے ساتھ مل کر خوراک، رہائش، صحت کی سہولیات اور باز آباد کاری سمیت تمام بنیادی امداد فراہم کرنے کے لیے اس وقت تک کام کرتی رہے گی جب تک کہ حالات معمول پر نہیں آ جاتے۔ ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ہیں اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے ۔”
مولانا شفیع مدنی نے کہا کہ "ہم حکومت سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ ریلیف کی تقسیم کو تیزتر کرے، متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنائے اور متاثرین کو اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے لیے مناسب معاوضے کے پیکیج کا اعلان کرے۔” انہوں نے عام لوگوں اور خیر خواہوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنا تعاون پیش کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو اس آزمائش پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔