جماعت اسلامی ہند نے لاک ڈاؤ سے متاثرہ افراد کو 10 کروڑ مالیت کی مدد فراہم کی
نئی دہلی، 16 اپریل- جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) لاک ڈاؤن سے متاثرہ ملک بھر کے لاکھوں افراد کی مدد کے لیے آگے آئی ہے۔
تنظیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں پورے ملک میں تقریباً 9 لاکھ خاندانوں کو 10 کروڑ روپے کی امداد فراہم کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔
جناب محمد احمد، جے آئی ایچ کے قومی سکریٹری براے سماجی خدمت، نے کہا ’’اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے خیر خواہوں کی حمایت اور ہمارے رضاکاروں کی محنت سے ہم پورے ملک میں تقریباً ایک ملین افراد کو خوراک اور دیگر امداد فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان میں سے بیشتر انتہائی غریب ہیں اور بہت سے تارکین وطن مزدور، جو لاک ڈاؤن میں پھنس چکے ہیں۔ مختلف ریاستوں، شہروں اور قصبوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہم نے ملک بھر میں 8،38،417 افراد کو لگ بھگ 10 کروڑ کی لاگت کی امداد فراہم کی ہے۔ ہم نے 5،80،519 فوڈ کٹس، 4،32،228 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹس، 3،88،852 ماسک اور 3،970 سینیٹائزر تقسیم کیے۔ ہم نے 10،06،553 افراد کو مالی امداد اور 44،503 افراد کو دیگر دوسری امداد بھی فراہم کی ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’جماعت فرقہ وارانہ فسادات اور قومی آفات کے وقت ہمیشہ راحت اور بحالی فراہم کرتی ہے۔ ہم معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان ان کی ذات اور نسل سے قطع نظر اپنے امدادی کاموں کو انجام دیتے ہیں۔ ان شاء اللہ ہم اس کام کو تب تک جاری رکھیں گے جب تک لاک ڈاؤن ختم نہیں ہو جاتا۔‘‘
حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے غیر معمولی لاک ڈاؤن میں کسی بھی جامع اور مربوط امداد کی عدم موجودگی کے ساتھ توسیع نے ہزاروں غریب اور مساکین کو افلاس کے دہانے پر دھکیل دیا گیا۔