جسٹس ورما کے تبادلے کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر

نئی دہلی،26 مارچ :۔
دہلی ہائی کورٹ کے جج یشونت ورما سرکاری رہائش گاہ سے خطیر رقم ملنے کے بعد تحقیقات کا سامنا کر ر ہے ہیں اور ان سے عدالتی ذمہ داریاں واپس لینے کے ساتھ ہی انہیں ان کی اصل عدالت الہ آباد ہائی کورٹ واپس بھیج دیا گیا ہے۔
تاہم، اب الہ آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جسٹس ورما کو بھیجنے کے کالجیم کے فیصلے کے خلاف منگل (25 مارچ) سے غیر معینہ ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔
احتجاج کرنے والے وکلاء کی قیادت کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے صدر انل تیواری نے نامہ نگاروں کو بتایا،’یہ احتجاج کسی عدالت یا جج کے خلاف نہیں، بلکہ ان کے خلاف ہے جنہوں نے عدالتی نظام کو دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا، ‘ہماری لڑائی بدعنوانی میں ملوث لوگوں اور اس نظام کے خلاف ہے جس میں شفافیت کا فقدان ہے۔ فی الحال ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹرانسفر آرڈر پر نظر ثانی کیا جائے اور اسے واپس لیا جائے۔
معلوم ہو کہ سوموار کو بار ایسوسی ایشن نے جسٹس ورما کے تبادلے کے خلاف اپنے احتجاج کا اعادہ کیا تھا اور منگل (25 مارچ) سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
معلوم ہو کہ دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس یشونت ورما کے سرکاری رہائشی احاطے میں آگ سے تباہ شدہ کمرے میں مبینہ طور پر بھاری مقدار میں نقدی ملنے کے بعد سپریم کورٹ نے سنیچر (22 مارچ) کو دیر گئے اس معاملے سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں دہلی پولیس کی طرف سے فراہم کردہ کچھ تصاویر اور ویڈیو بھی شامل ہیں۔ اس میں جلے ہوئے کمرے میں نقدی کی موجودگی کودکھایا گیا ہے۔