جامعہ ملیہ کے سامنے ہزاروں لوگوں نے آج بھی کیا شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج
نئی دہلی، دسمبر 21: متنازعہ شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور گذشتہ ہفتے طلبا پر پولیس کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے ہزاروں افراد، مرد اور خواتین، بوڑھے اور نوجوان نے ہفتے کے روز یہاں جامعہ ملیہ اسلامیہ پہنچ کر احتجاج کیا۔ واضح رہے کہ جامعہ کے سامنے یہ احتجاج پچھلے 9 دنوں سے جاری ہے۔
جامعہ کے طلبا نے 12 دسمبر کو پارلیمنٹ میں یہ بل پاس ہونے کے بعد سے ہی اس کے خلاف مظاہرہ شروع کر دیا تھا۔ تب سے یونیورسٹی کا مرکزی دروازہ جنتر منتر کے مقامی ورژن میں تبدیل ہو گیا ہے جہاں اس مسئلے پر ہر روز بغیر کسی رکاوٹ کے احتجاج کیا جاتا رہا ہے۔ ایک ہفتہ میں دو بار پولیس کارروائی کے باوجود، جس سے درجنوں طلبا زخمی ہوئے، یہ احتجاج آج بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ پندرہ دسمبر کو پولیس کی کاروائی بڑے پیمانے پر ہوئی کیونکہ پولیس کی ایک بڑی تعداد نے کیمپس میں گھس کر، ہوسٹلوں اور حتی کہ مرکزی لائبریری پر چھاپہ مارا اور طلبا پر بے دردی سے حملہ کیا۔
اس دوران پورے ملک میں نئے شہریت قانون کے خلاف مظاہروں کا دور جاری ہے۔ جن میں کئی جگہ تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ جمعرات اور جمعہ کو یوپی میں ہونے والے مظاہروں کے دوران کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم پولیس نے اس سے انکار کیا ہے کہ اس نے مظاہرین پر فائرنگ کی۔