جامعہ طلبہ پر پولس حملے کے خلاف آئی ٹی او پولس ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا گیا
نئی دہلی، دسمبر 16: متنازعہ شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا پر پولیس حملے کے خلاف اتوار کی دیر رات تک مختلف یونی ورسٹیوں کے طلبا سمیت سیکڑوں افراد نے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر میں مظاہرہ کیا۔
جب سوشل میڈیا پر پولیس کے ذریعہ جامعہ کے طلبہ پر حد سے زیادہ طاقت کے استعمال کے نظارے سامنے آئے تو جے این یو کی طلبہ یونین اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے دہلی کے عام لوگوں سے جامعہ کیمپس سے پولیس فورس واپس لینے اور زیر حراست طلبا کی رہائی کے مطالبے کے لیے دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر میں جمع ہونے کا مطالبہ کیا۔ جے این یو اور دہلی یونیورسٹی کے طلبا سمیت ہزاروں افراد آدھی رات کے بعد بھی وہاں احتجاج کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر مظاہرین پولیس کارروائی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ وہ جامعہ کیمپس سے پولیس کی دستبرداری اور زیر حراست طلبا کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔
اتوار کی سہ پہر جامعہ میں کیا ہوا تھا؟
جامعہ یونیورسٹی کے قریب کچھ سرکاری بسوں کو نذر آتش کرنے کے بعد پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے جامعہ کے ہاسٹل میں گھس کر وہاں طلبا پر وحشیانہ حملہ کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے لائبریری میں بھی آنسو کے گیس فائر کیے جہاں طلبا زیر تعلیم تھے اور فرنیچر کو توڑ دیا تھا۔ کئی طلبا زخمی ہوئے تھے اور متعدد کو پولیس نے حراست میں لیا تھا اور انہیں قریبی پولیس اسٹیشنوں میں لے جایا گیا تھا۔
مارکیٹ میں نیو فرینڈس کالونی میں ماتا مندر کے قریب تین بسوں سمیت متعدد گاڑیاں بھی جل گئیں۔ اگرچہ پولیس کا دعوی ہے کہ یہ مظاہرین کا کام تھا ، لیکن مظاہروں میں شریک لوگوں نے کہا کہ وہ اس میں شامل نہیں ہیں۔ کچھ لوگوں نے الزام لگایا کہ یہ پولیس اہلکار ہیں جنہوں نے بسوں پر آتش گیر مادہ ڈالا اور پھر مظاہرین کو بدنام کرنے کے لیے خود آگ بھڑکا دی۔
جب یہ خبر پھیلی کہ جامعہ کے درجنوں طلبا کو حراست میں لیا گیا ہے اور انہیں کالکاجی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ہے تو انسانی حقوق کے نامور کارکن ہرش مندر اور ایڈوکیٹ کبیر علی ضیا چودھری تھانے پہنچے لیکن گھنٹوں پولیس نے ان کو جانے نہیں دیا۔ بعد میں دیر رات طلبا کو رہا کیا گیا۔ ان میں سے کچھ نے پولیس کے ذریعے زود و کوب کا بیان دیا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے تھانہ جاتے ہوئے بسوں میں بھی ان کو زدوکوب کیا گیا۔