جاسوسی معاملہ میں جیوتی ملہوترا کے بعد ایک اور یوٹیوبر زیرِ تفتیش، چھاپے اور پوچھ گچھ جاری
اوڈیشہ کے پوری سے تعلق رکھنے والی پرینکا سیناپتی کا نام سامنے آیا،جیوتی ملہوترا کے ساتھ تعلقات جڑے

نئی دہلی ،18 مئی :۔
جاسوسی کے الزام میں گرفتار یو ٹیوبر جیوتی ملہوترا کے بعد اب مزید دوسرے یوٹوبر نشانے پر ہیں ،اوڈیشہ پوری میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب مقامی یوٹیوبر پرینکا سیناپتی کا نام پاکستان کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزام میں سامنے آیا اور اس کا تعلق گرفتار یوٹیوبر جیوتی ملہوترا سے جوڑا گیا۔ پولیس نے دونوں کے درمیان تعلقات کی نوعیت اور کسی ممکنہ ملک دشمن سرگرمی میں شمولیت کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
پوری شہر کے ڈی ایس پی کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم نے پرینکا سیناپتی کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ اس کارروائی میں ٹاؤن تھانے کے انسپکٹر ان چارج (آئی آئی سی) گوکل رنجن داس اور سنگھ دوار تھانے کی خاتون افسر شویتا پدما داس بھی شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق پرینکا اور جیوتی کے درمیان کافی گہری دوستی تھی اور سوشل میڈیا پر ان دونوں کی کئی تصاویر گردش کر رہی ہیں۔ پہلگام میں شوٹ کیے گئے ان کے ویڈیوز بھی زیر بحث ہیں۔ ان تعلقات کی وجہ سے پولیس اب اس پہلو کی بھی چھان بین کر رہی ہے کہ آیا پرینکا کسی طور جیوتی ملہوترا کی مشتبہ سرگرمیوں سے واقف تھیں یا نہیں۔
پرینکا کے والد راج کشور سیناپتی نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ ان کی بیٹی اور جیوتی کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے، مگر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی بیٹی کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی میں شامل نہیں رہی۔ انہوں نے بتایا کہ پرینکا نے پاکستان کے کرتارپور صاحب کا دورہ باقاعدہ ویزا پر کیا تھا اور ہر قدم پر قانون کی پابندی کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کی فیملی پولیس سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔
پرینکا سیناپتی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ملک کو مقدم رکھتی ہیں اور جیوتی کے خلاف لگے سنگین الزامات سے وہ شدید حیرت زدہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا کسی بھی قسم کی ملک دشمن سرگرمی سے کوئی واسطہ نہیں اور وہ تحقیقاتی اداروں کو ہر ممکن تعاون دیں گی۔