تین سے زیادہ بچے تو نہیں ملے گی سرکاری اسکیموں کی سہولت
گوہاٹی ،12 جنوری :۔
آسام کے ہیمنت بسو سرما نے ایک اور متنازعہ قانون متعارف کرایا ہے ۔ بی جے پی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر خواتین کے تین سے زیادہ بچے ہوں تو انہیں سرکاری اسکیموں کا فائدہ نہیں ملے گا ۔ یہ اعلان بسوا سرما نے گوہاٹی میں خواتین کے لیے مہیلا انٹرپرینیورشپ اچھونی اسکیم کے آغاز کے موقع پر کیا۔انہوں نے انر پرینیور شپ اسکیم کے لئے کچھ شرائط عائد کی ہیں۔ شرائط کے مطابق جن خواتین کے تین سے زیادہ بچے ہیں انہیں اس سکیم کا فائدہ نہیں ملے گا۔
وزیر اعلیٰ سرما نے اسکیم کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ریاست میں سیلف ہیلپ گروپس کی 39 لاکھ خواتین کو تین سالوں کے اندر تین مرحلوں میں اس اسکیم کے تحت کاروبار کرنے کے لیے کچھ شرائط کے ساتھ مالی امداد دی جائے گی۔ اس کے لیے 145 کاروباری ماڈلز کی نشاندہی کر کے ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ریاستی حکومت کی طرف سے دیہی خواتین کاروباریوں کے لیے شروع کی گئی اس اسکیم کے لیے کچھ شرائط عائد کی گئی ہیں۔ اس میں ایک عورت کے بچوں کی تعداد کی حد بھی شامل ہے۔ شرائط کے مطابق اگر جنرل اور او بی سی زمرے کی خواتین اس اسکیم کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں تو ان کے 3 سے زیادہ بچے نہیں ہونے چاہئیں۔ وہیں، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور درج فہرست ذات (ایس سی) خواتین کے لیے یہ حد چار بچوں کی ہے۔