
تہران میں لاکھوں لوگ سڑکوں پراترے ،حکومت ایران کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ
تہران ،20 جون :۔
اسرائیل اور ایران کے درمیان آٹھویں روز بھی میزائل حملوں کا تبادلہ جاری ہے،گزشتہ جمعہ کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد ایران مسلسل اسرائیل کو نشانہ بنا رہا ہے اور اسرائیل میں تباہی کا عالم ہے ۔ آ ج بھی ایران نے اسرائیل میں متعدد مقامات پر حملے کئے اور متعدد عمارتوں کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا۔دریں اثنا جہاں اسرائیل میں لوگ جنگ سے خوف زدہ راہ فرار اختیار کر رہے ہیں اور اسرائیلی حکومت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں وہیں ایران میں اس کے بر عکس عوام تہران کی سڑکوں پر لاکھوں کی تعداد میں نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت ایران اور خامنہ ای کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ایک طرف اسرائیلی اپنا ملک چھوڑ کر جارہے ہیں دوسری طرف اپنے سپریم لیڈر اور سرکار کی حمایت میں اسرائیلی حملوں اور امریکی دھمکیوں کے خلاف تہران میں ہزاروں افراد بغیر کسی خوف کے سڑکوں پر اترے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں ہفتہ وار نماز کے بعد لاکھوں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے رہنماؤں کی حمایت میں نعرے لگائے۔کچھ نے اپنے ملک میں امریکی مداخلت کی دھمکیوں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ تہران میں مظاہرین 13 جون کو اسرائیل کے حملے کے بعد مارے گئے کمانڈروں کی تصاویر اٹھائے ہوئے ہیں، جب کہ دیگر ایران، فلسطین اور حزب اللہ کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ مظاہرہ میں شامل ایک شخص کے بینر پر تحریر تھا میں اپنے قائد کے لیے اپنی جان قربان کر دوں گاسرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق شمال مغربی ایران میں تبریز اور جنوب میں شیراز میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔