تہران :اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا،خواتین ،بچوں سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

تہران ،یکم اگست :۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ادا کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ پڑھائی جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

جنازے کے شرکاء نے اس موقع پر اسماعیل ہنیہ کی تصاویر اور فلسطین کے جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔اسماعیل ہنیہ کو کل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔حماس  نے اپنے شہید سر براہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے، وہیں دوسری جانب یہ واقعہ ایران میں رونما ہوا ہے اس لئے ایران حکومت بھی اپنے معزز مہمان کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اس عظیم سانحہ کے بعد خطے میں حالات کشیدہ ہونے کے  خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران میں 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔