توہین رسالتؐ کے خلاف ہزاروں مسلمانوں کی ممبئی میں ترنگا ریلی
توہین رسالت کے مرتکب رام گیری مہاراج اور اشتعال انگیز تقریر کرنے والے بی جے پی رہنما نتیش رانے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ،تھانے میں مظاہرین پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا
ممبئی نئی دہلی ،24 ستمبر :۔
مہاراشٹر کے ممبئی میں رام گیری مہاراج کے ذریعہ توہین رسالت کے ارتکاب کے بعد ملک بھر میں مسلمانوں میں غم و غصہ ہے۔متعدد ایف آئی آر کے باوجود اب تک کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے اب مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سابق ایم پی امتیاز جلیل اور مختلف سیاسی اور سماجی گروپوں کی قیادت میں مسلمانوں نے لاکھوں کی تعداد میں پیر کو ممبئی تک ایک زبردست احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا، اس مارچ میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ شامل ہوئے ۔انہوں نے رام گیری مہاراج اور اشتعال انگیز تقریر کے ملزم اور بی جے پی ایم ایل اےنتیش رانے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا جب ترنگا ریلی کو ممبئی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا مظاہرین وہیں سڑک جام کر کے بیٹھ گئے جسکے بعد پولیس نے بغیر کسی وارننگ کے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر دیا۔اندھا دھوند پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھیاں برسائیں جس میں متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق یہ ریلی، جسے ’ترنگا سمودھن ریلی‘ کا نام دیا گیا تھا۔نفرت انگیز تقریر کرنے والے بی جے پی کے ایم ایل اے نتیش رانے اور رام گیری مہاراج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے کے لیے نکالی گئی تھی ۔ اس ریلی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ہندوستان میں اب تک مسلمانوں کے ذریعہ نکالی جانے والی عظیم ریلیوں میں سے ایک ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ اس ریلی میں10 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے قافلے نے شرکت کی ۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین، چھترپتی سمبھاجی نگر سے ہزاروں گاڑیوں میں سفر کرتے ہوئے شام دیر گئے ملنڈ ٹول پلازہ پہنچے لیکن انہیں ممبئی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ گروپ نے منتشر ہونے سے پہلے ٹول پلازہ پر ڈویژنل کلکٹر اور دیگر حکام کو اپنے مطالبات پیش کئے۔
جب یہ ریلی ممبئی کی طرف رواں دواں تھی تو سمردھی سپر ایکسپریس وے پر ٹریفک متاثر ہوا۔ مظاہرین رانے اور مہاراج کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پرامن اختتام کے باوجود، صورتحال کو سنبھالنے اور بھیڑ کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔
اے آئی ایم آئی ایم کے رہنما جلیل نے احتجاج کے مقصد بیان کرتے ہوئے کہا، "ہم حکومت کو یاد دلاتے ہیں کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔” انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نفرت پھیلانے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے۔