تلنگانہ میں شر پسندوں کے ذریعہ مسجد میں توڑ پھوڑ، عیدگاہ مینار کو بھی نقصان پہنچایا
مقامی لوگوں نے ہفتہ کی شام کو توڑ پھوڑ کی معلومات کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی
حیدرآباد،15 دسمبر :۔
تلنگانہ کے نظام آباد اور جگتیال اضلاع میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک مسجد کی بے حرمتی کی اور ایک عیدگاہ کے مینار کو نقصان پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق جگتیال ضلع کے ابراہیم پٹنم منڈل کے ورشاکونڈہ گاؤں میں ہفتہ کو ایک عیدگاہ کے مینار کو نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں نے ہفتہ کی شام مینار کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھا اور پولیس میں شکایت درج کرائی۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے مقامی قائدین نے پارٹی صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کو مطلع کیا۔ بعد ازاں ضلع کے اے آئی ایم آئی ایم قائدین نے پولیس عہدیداروں سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مقدمہ درج کر کے قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یہ واقعہ نظام آباد شہر کے مضافات میں نگرم میں ایک مسجد کی بے حرمتی کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔ جمعہ کی رات نامعلوم شرپسندوں نے مسجد میں گھس کر قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور مائیک سیٹ کی توڑ پھوڑ کی۔
مسجد کریم میں پیش آنے والے واقعے پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ مقامی اے آئی ایم آئی ایم لیڈروں نے پارٹی صدر اور اے آئی ایم آئی ایم ایم ایل اے احمد بن عبداللہ بلالہ کو مطلع کیا، جو ضلع کے پارٹی انچارج ہیں۔
اسد الدین اویسی نے نظام آباد کی انچارج پولیس کمشنر سندھو شرما سے بات کی اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ مسجد کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نظام آباد کے اے آئی ایم آئی ایم قائدین نے پولیس میں تحریری شکایت درج کرائی اور قصورواروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس پارٹی کے قائدین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے حساس علاقہ میں گشت تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ مسلم تنظیموں نے ریاست میں فرقہ پرست طاقتوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کانگریس حکومت سے ان سے سختی سے نمٹنے کا مطالبہ کیا ہے۔