تلنگانہ: سبحان خان نے بلڈوزر کا مفہوم بدل دیا ،سیلاب میں پھنسے 9لوگوں کی زندگی بچائی
جب حکومت سیلاب میں پھنسے نو لوگوں کو بچانے کے لئے غور و خوض کر رہی تھی ،سبحان خان نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بہتے سیلابی پانی میں بلڈوزر چلا کر کامیابی کے ساتھ ان کی جان بچائی
نئی دہلی ،04 ستمبر :۔
’بلڈوزر ‘اس وقت عوام سے لے کر عدالت تک موضوع بحث ہے۔بلڈوزر کی شبیہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں نے تخریب کاری ،انہدامی کارروائی ،لوگوں کے سروں سے خاص طور پر مسلمانوں سے چھتوں کو چھیننے اور بے گھر کرنے کی بنا دی ہے۔بلڈوزر کا نام سنتے ہی فوری طور پر تباہی کا ذہن میں تصور ابھرتا ہے لیکن ان منفی تصور اور انہدامی شبیہ کو ہریانہ کے ایک مسلمان نے تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔جہاں اس بلڈوزر کی تعریف لوگوں کے ذہن میں تباہی کا تصور پیش کر رہی تھی وہیں اس نے سیلاب میں پھنسے نو لوگوں کی زندگی بچا کر گھر آباد کرنے کا کام انجام دیا ہے۔جس کی وجہ سے ہرطرف سبحان کی تعریف ہو رہی ہے اور ایک حقیقی ہیرو کی طرح استقبال کیا جا رہا ہے۔ سبحان خان نے مسلمانوں سے نفرت کرنے والی بی جے پی ریاستوں کو پیغام دیا ہے کہ جس بلڈوزر سے تم لوگوں کو تباہ و برباد کرتے ہو اس بلڈوزر سے لوگوں کی زندگیاں بچائی بھی جا سکتی ہیں، لوگوں کا گھر آباد بھی کیا جا سکتا ہے۔
معاملہ ہے تلنگانہ کا ۔تلنگانہ کے کھمم ضلع میں بہادری کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔ہریانہ کے سبحان خان ایک حقیقی زندگی کے ہیرو کے طور پر ابھرے ہیں جب انہوں نے یکم ستمبر کو آنے والے سیلاب کے درمیان کھمم ضلع کے مننیرو ندی پر پرکاش نگر پل پر پھنسے ہوئے نو لوگوں کی زندگی بچائی۔ اس سیلاب میں پھنسے لوگ امید کی نظروں سے حکومت اور انتظامیہ کی طرف دیکھ رہے تھے ۔لوگ ابھی اس بات پر غو ر و فکر کر رہے تھے کہ ان کی جانچ کیسے بچائی جائے ۔سرکاری انتظامیہ ہیلی کاپٹر بھیجنے کی کارروائیوں پر غور کر رہی تھی کہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سبحان نے بلڈوزر کا رخ اس پل کی طرف موڑ دیا جہاں سیلاب کا پانی تیزی سے بہہ رہا تھا ۔اس پر خطر کام کو بخوبی اور کامیابی کے ساتھ انجام دے کر سبحان نے ان نو لوگوں کی جان بچائی ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سبحان کی بہادری کا چرچہ ہے اور لوگ فخر سے انکا استقبال کر رہے ہیں ۔تمام بچائے گئے نو افراد کا بھی استقبال کیا گیا ۔ پوسٹ میں شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جب بلڈوزر واپس لوٹا تو بچائے گئے نو افراد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ویڈیو میں سبحان خان کی بیٹی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: "میں کانپ رہی ہوں، میرے والد، وہ وہ کرنے میں کامیاب ہو گئے جس کا وہ ارادہ کر رہے تھے۔
جیسے ہی سبحان خان کی بہادری کی خبر پھیلی، سیاست دانوں سمیت بہت سے لوگوں نے دوسروں کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے کی جرات پر سبحان خان کی تعریف کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، بی آر ایس لیڈر اور سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے کہا: “ابھی انہیں (سبحان خان) کو فون پر مبارکباد دی۔ یہ صرف ان کی بہادری نہیں ہے بلکہ ، ان کے حقیقی ہیرو بننے کی کہانی ہے ۔ آپ نے، میرے بھائی سبحان خان نے ان نو لوگوں کی مدد کرکے بہت سارے خاندانوں کو زندگی بھر کے درد سے بچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جب حکومت خود سوچ رہی تھی کہ انہیں ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر کیسے بھیجا جائے ، اس وقت آپ نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ان سب کو بچا لیا ۔ آپ کے بڑے دل اور حیرت انگیز ہمت کو سلام! واپس آنے کے بعد ضرور ملوں گا۔ میرے دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ۔