تعلیم یافتہ امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کرنے والا ٹیچر ملازمت سے فارغ

ان اکیڈمی  سے وابستہ ٹیچرسانگوان   کا ویڈیو وائرل ہوا تھا،ادارے نے ضابطہ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملازمت سے فارغ کر دیا،سوشل میڈیا پر سوال

نئی دہلی،18اگست:۔

سوشل میڈیا پر ایک ٹیچر کا ویڈیو بڑی تیزی سے گزشتہ روز وائرل ہو ا جس میں ایک آن لائن پلیٹ فارم پر کلاس کے دوران ٹیچر طلباء سے اپیل کرتا ہے کہ اگلی بار کسی پڑھے لکھے امیدوار کو ووٹ دینا ،ایسے امیدوار کو ووٹ نہ دینا جو صرف نام بدلنا جانتا ہو۔ٹیچر کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا جس پرکچھ منفی اور مثبت تبصرے موصول ہوئے ۔اس وائرل ویڈیو کے بعد آن لائن تعلیم سے وابستہ ادارے نے اپنے ٹیچر کو ضابطے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملازمت سے برخاست کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیچر کا نام کرن سانگوان ہے جو معروف ان اکیڈمی ادارے سے جڑے ہوئے تھے ۔وہ آن لائن پلیٹ فارم ان اکیڈمی میں بچوں کو درس دے رہے تھے ۔ درس کے دوران انہوں نے اپیل کی کہ اگلی بار کسی تعلیم یافتہ امیدوار کو ووٹ دیں تاکہ موجودہ پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ۔ جس کے بعد حکمراں جماعت بی جے پی سے وابستہ اور حامی صارفین نے اسے بلا واسطہ وزیر اعظم پر حملہ قرار دیا اور بی جے پی کے خلاف تشہیر کرنے والے پروپیگنڈے کے طور پر اس کی جم کر تنقید کی ۔جس کے بعد تعلیم سے جڑے آن لائن پلیٹ فارم کو چلانے والی کمپنی  ایڈ ٹیک  نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے باہر کر دیا۔ ایڈ ٹیک کا کہنا ہے کہ کلاس ذاتی خیالات شیئر کرنے کی جگہ نہیں ہے ۔

ان اکیڈمی کے ذریعہ کرن سانگوان کو ملازمت سے فارغ کرنے پر اب تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے ۔متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پر اور متعدد افراد نے بیان جاری کر کے ادارے کے اس فیصلے کی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ایک پڑھے لکھے اور تعلیم یافتہ امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کرنا کون سا گناہ ہے کہ ملازمت سے نکال دیا جائے ۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس معاملے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ کیا تعلیم یافتہ امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کرنا جرم ہے۔

کرن سانگوان نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس کے سبب میں تنازعہ میں ہوں اس معاملے کے سبب  لاء سروس امتیار کی تیاری کر رہے میرے طلبہ  کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان کے ساتھ ساتھ مجھے بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔سانگوان نے کہا کہ اس سلسلے میں میں آئندہ یو ٹیوب پر مکمل تفصیلات شیئر کروں گا۔