بے گناہوں کو مارنے والے انسان نہیں درندے ہیں

کشمیر پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی تمام  مسلم تنظیموں نے مشترکہ طور پر مذمت کی اور قصور واروں کو سخت سے سخت  سزا کا مطالبہ کیا

نئی دہلی،23 اپریل :۔

پہلگام میں دہشت گردی کے واقعہ  پر ملک بھر میں غم و غصہ ہے۔ہر طرف اس گھناونے جرم کی مذمت کی جا رہی ہے اور اس فعل کو انسانیت سوز فعل اور درندگی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں کے علاوہ سماجی اور ملی تنظیموں کی جانب سے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی جا رہی ہے  اوراس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا  جا رہاہے۔ انہوں نے اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور ملک میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی۔

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس المناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کو مارنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دہشت گردی ایک ایسی لعنت ہے جو اسلام کی امن پسند پالیسی کے منافی ہے اور اس کے خلاف آواز اٹھانا ہر سچے مومن (ایماندار مسلمان) کا فرض ہے۔

میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی  نے اس المناک واقعے پر اپنے گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم جنوبی کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے بدترین حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس حملے میں بے گناہ جانوں کا جانا ، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، انتہائی افسوسناک ہے۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ فعل کی کوئی بھی توضیح نہیں کی جا سکتی۔ یہ مکمل طور پر غیر انسانی حملہ ہے ، اس کی واضح الفاظ میں غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دی جائے۔

محترم امیر جماعت نے زور دے کر کہا کہ حملہ چاہے جس مقصد سے بھی کیا گیا ہو ،اس طرح کی درندگی کو کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ یہ ایک غیر انسانی عمل ہے جو تمام اخلاقی اور انسانی ضابطوں کے خلاف ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے فوری، فیصلہ کن اور شفاف اقدامات کرے۔ کشمیر میں سکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنائے اور کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے بیانیوں سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں یا بے گناہ گروہوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہوں۔

آل انڈیا سنی جمعیت العلماء کے صدر مولانا سید معین الدین اشرف معین میاں اور رضا اکیڈمی کے صدر الحاج محمد سعید نوری نے پہلگام میں نہتے اور معصوم سیاحوں پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس واقعہ کو انسانیت کے خلاف شرمناک فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر نہ صرف ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں بلکہ ہندوستان کی پرامن امیج کو بھی داغدار کر رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے حکومت ہند اور متعلقہ ریاستی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث تمام مجرموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے، تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔

صدر جمعیۃ علماء ہندمولانا محمود اسد مدنی نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ 26 معصوم سیاحوں کا وحشیانہ قتل ایک غیر انسانی فعل ہے جسے کسی مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا۔ جو لوگ اسے اسلام سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ اسلام میں کسی بے گناہ کا بلا اشتعال قتل پوری انسانیت کا قتل سمجھا جاتا ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہے۔

آل انڈیا ملی کونسل نے پہلگام کے سیاحتی مقام پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جنوبی کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور حملے میں زخمی ہونے والے خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اس لیے قوم کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے منگل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ اسے ایک غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے انہوں نے مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ ایسے سنگین جرائم کے مرتکب افراد کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے صبر و تحمل سے کام لینے اور امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔