بی جے پی کے مسلم رہنما نے مولانا سجاد نعمانی کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی

بی جے پی اقلیتی مورچہ نے بی جے پی حامی مسلمانوں کے خلاف مبینہ فتوی جاری کرنے اور ان کا سماجی بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی

نئی دہلی،23 نومبر :۔

بی جے پی کے ایک رہنما نے معروف اسلامی عالم مولانا سجاد نعمانی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔بی جے پی کے اقلیتی مورچہ کے صدر جمال صدیقی کا الزام ہے کہ مولانا سجاد نعمانی نے مرکزی حکومت کی حمایت کرنے والے مسلمانوں کے سماجی بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے فتویٰ جاری کیا ہے۔اقلتی مورچہ کے صدر جمال صدیقی نے تغلق روڈ تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کے مطابق لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے سجاد نعمانی نے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے دوران متنازعہ فتویٰ جاری کیا تھا۔

جمال  صدیقی نے پولیس کو  اپنی شکایت میں کہا کہ وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں مولانا سجاد نعمانی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ بی جے پی کی حمایت کرنے والے مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ کیا جانا چاہئے۔ مولانا نعمانی نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا ہے کہ ایسے لوگوں کو اسلام سے باہر مانا جانا چاہئے۔ ویڈیو میں مولانا سجاد نعمانی نے مبینہ طور پر بی جے پی کے مسلم حامیوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنا نام بدل کر گھنشیام رکھ لینا چاہئے۔

انہوں نے شکایت میں کہا کہ  وسیع پیمانے پر گردش کرنے والی ویڈیو میں  نعمانی نے مبینہ طور پر کہا کہ جو مسلمان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت کرتے ہیں، ان سے کنارہ کشی اختیار کی جانی چاہیے، مبارکباد سے انکار کیا جانا چاہیے اور ان کا مکمل سماجی بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔ نعمانی نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا ہے کہ ایسے افراد کو دائرہ اسلام سے باہر سمجھا جانا چاہیے۔

صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس "فتوی” کے نتیجے میں بھگوا پارٹی سے وابستہ مسلمانوں کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں، بشمول دھمکیاں، سماجی  بائیکاٹ اور بدسلوکی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

صدیقی نے اپنی شکایت میں مزید کہا کہ فتویٰ کے بعد لوگوں نے نماز جمعہ اور نظام الدین درگاہ جیسے عوامی مقامات پر مجھ سے بات کرنا بند کر دیا ہے۔ مجھے سوشل میڈیا پر بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور لوگ میرا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ان  کا تعاقب کیا جا رہا ہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جس سے ان کی اور بی جے پی کے دیگر کارکنوں کی زندگی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔شکایت کنندہ نے حکام پر زور دیا ہے کہ نعمانی کے خلاف ان کے بیانات پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اپنی شکایت کے ساتھ ویڈیو کلپ کا لنک بھی منسلک کیا ہے۔