بی جے پی کی بدعنوانی نے امن عامہ کو تباہ کر دیا: راہل گاندھی

نئی دہلی ،17جولائی :۔

کانگریس رہنمااور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے   مانسون کی آمد کے ساتھ ملک میں پل حادثات اور دیگر بڑے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت پر حملہ کیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بدعنوان پالیسیوں کی وجہ سے تباہ حال  امن عامہ کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے ان حادثات کو ‘منظم لوٹ’ کا نتیجہ قرار دیا۔

ایک فیس بک پوسٹ میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا، "مانسون آیا اور آپ کے ٹیکس کا پیسہ، بی جے پی کی بدعنوانی کی غلاظت میں بہا کر لے گیا۔ جب بھی کوئی پل گرتا ہے، ہر بار سڑک دھلتی ہے، ہر بار ٹرین پٹری سے اترتی ہے، سمجھ لیں کہ یہ صرف تعمیر کی ناکامی نہیں ہے، یہ آپ کی جیب سے منظم لوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی عزیزحادثے میں مر جاتا ہے اور کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاتا تو یہ حادثہ نہیں قتل ہوتا ہے۔

کچھ حالیہ بڑے حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا، "ہر روز، ہر سال، ہندوستان کے چھوٹے گاؤں سے لے کر بڑے شہروں تک لوگ اس بگڑتے عوامی نظام کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا، "اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت سے جواب طلب کیا جائے، یہ وقت ہے کہ وہ اپنی ناکامی کے لیے جوابدہی طے کریں اور انھیں اس کے نتائج کی ذمہ داری لینے پر مجبور کریں ۔غور طلب ہے کہ حال ہی میں گجرات میں ایک پل گر گیا تھا جس میں 20 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس سے قبل بھی کئی مقامات پر پل ٹوٹنے اور حادثات کی وجہ سے کئی لوگ جان بحق ہوچکے ہیں۔