بی جے پی کا نیا صدر کون؟ آر ایس ایس کی پسند یامودی، شاہ کا چہیتا
آر ایس ایس کی پسند راج ناتھ یا شیو راج جبکہ مودی ،شاہ کی پسند ونود بنسل اور ونود تاوڑے
نئی دہلی ،24 جون :۔
بی جے پی کے سامنے تیسری بار حکومت بنانے کے بعد اب سب سے بڑا سوال پارٹی صدر کو لے کر ہے۔پارٹی کے موجودہ صدر جے پی نڈا حکومت کی کابینہ میں شامل کر لئے گئے ہیں ایسے میں نیا نام سامنے آنا طے ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ بی جے پی آر ایس ایس کی سیاسی ونگ ہے اس لئے بی جے پی میں آر ایس ایس کا بہت بڑا عمل دخل ہے۔ اس لئے نئے صدر کے انتخاب میں بھی آر ایس ایس ہی اہم فیصلہ لے گا۔میڈیا رپورٹ کے حوالے سے لکھا جا رہا ہے کہ آر ایس ایس بھی نئے نام کو لے کر اپنی منشا ظاہر کر چکا ہے اور راج ناتھ سنگھ یا شیو راج سنگھ چوہان میں سے صدر منتخب کئے جانے کی وکالت کر رہا ہے۔ حالانکہ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کسی اور نام پر غور کر رہے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ اور شیو راج سنگھ چوہان دونوں ہی مرکزی کابینہ کا حصہ ہیں۔ ان کا نام سامنے آنے پر انہیں وزیر کے عہدہ سے استعفیٰ دینا ہوگا۔
ایک طرف بی جے پی کے صدر کی تلا ش میں آر ایس ایس بھاگ دوڑ اور پسند ناپسند کر رہا ہے وہیں دوسری جانب فی الحال بی جے پی کے ہر شے پر اختیار رکھنے والے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بھی اپنی پسند کا صدر بنانے میں مصروف ہیں۔میڈیا رپورٹس کے حوالے سے جہاں کہا جا رہا ہے کہ راج ناتھ سنگھ اور شیو راج سنگھ چوہان صدر عہدہ کے لئے آر ایس ایس کی پسند ہیں وہیں وزیر اعظم مودی اور امت شاہ پارٹی کے ہی کسی عہدیدار کو صدر بنانا چاہتے ہیں ۔ ان کی پسند قومی جنرل سکریٹر ی ونود تاوڑے اور سنیل بنسل ہیں ۔ مانا جا رہا ہے کہ ان میں سے کوئی ایک پارٹی صدر بن سکتا ہے۔ابھی نام کنفرم نہیں ہے۔ مگر بی جے پی صدر کے لئے آر ایس ایس اور مودی شاہ کی جوڑی کی پسند کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔