بی جے پی وقف کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے

 وزیر داخلہ کرناٹک کا الزام، ریاست میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

نئی دہلی ،18 نومبر :۔

وقف ترمیمی بل 2024 کو لے کر بی جے پی پورے ملک میں مسلمانوں کے خلاف سیاسی طور پر سر گرم ہے ۔ وقف بورڈ کو ہندو اکثریت کے سامنے ایک غاصب ادارہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اس پر مزید جے پی سی کی تشکیل کے باوجود بی جے پی سینئر رہنماؤں کی جانب سے مسلسل اس بات کا اعادہ کیا جا رہا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے وقف ترمیمی بل پاس ہو کر رہے گا۔بی جے پی کے وقف بورڈ کو لے کر اس معاندانہ رویہ پر تنقید کی جا رہی ہے۔کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر وقف کے مسئلے کو "سیاسی ہتھیار” کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا۔

وزیر داخلہ کا انتباہ اس وقت آیا جب بی جے پی آئندہ دنوں میں اس معاملے پر کانگریس حکومت کے خلاف اپنی لڑائی تیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔  اس سلسلے میں پارٹی نے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اضلاع کا دورہ کریں گی اور وقف نوٹس سے متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گی۔نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس معاملے پر "فرقہ وارانہ فساد پیدا کرنے” کی کوشش کر رہی ہے۔

ہفتہ کو انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی وقف کے مسئلہ پر بی جے پی کو بے نقاب کرے گی کیونکہ وقف بورڈ کے حق میں ریونیو ریکارڈ میں تبدیلی صرف بھگوا پارٹی کے دور حکومت میں کی گئی تھی۔  ڈپٹی سی ایم نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس معاملے پر بی جے پی کی مخالفت "بے وقوفی” تھی کیونکہ حکومت کے پاس ان کو ختم کرنے کے لیے تمام متعلقہ دستاویزات موجود تھیں۔  "ہم ان کو بے نقاب کریں گے۔

اتوار کو ریاستی دارالحکومت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرمیشورا نے کہا کہ بی جے پی وقف مسئلہ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔  “اس کا مطلب ہے کہ فرقہ وارانہ بھڑکاؤ اور امن کو خراب کرنے کی کوششیں ہو سکتی ہیں۔  ہو سکتا ہے وہ اس کے لیے اپنی یاترا (ٹور) کا استعمال کر رہے ہوں۔  مستقبل میں چیزیں کس طرح کی شکل اختیار کریں گی، ہم ابھی قیاس نہیں کر سکتے۔