بی جے پی حکومت میں بدعنوانی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

سماج وادی پارٹی کے سر براہ اکھلیش یادو کا بی جے پی پر شدید حملہ کہا : اسکیموں کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا

نئی دہلی،05 جولائی:۔

سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ریاست کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ جمعہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بدعنوانی کے معاملے میں اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ میں بدعنوانی کا راج ہے اور حکومت نے جل جیون مشن، ندی کی صفائی اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کے نام پر عوام کو کھلے عام دھوکہ دیا ہے۔

ایس پی ہیڈکوارٹر سے جاری ایک بیان میں اکھلیش یادو نے کہا، "بی جے پی حکومت کے ہر محکمے میں بدعنوانی کا راج ہے، عوام کو صرف ترقی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے۔ ان اسکیموں کی زمینی حقیقت صفر ہے، سب کچھ صرف کاغذوں پر چل رہا ہے۔  سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے فروغ دی گئی ‘سمارٹ سٹی اسکیم’ حقیقت میں محض ایک دھوکہ ثابت ہوئی ہے۔ بارش شروع ہوتے ہی ان نام نہاد اسمارٹ سٹیز کی حقیقت کھل گئی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حالت خراب ہے، نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، کئی مقامات پر پانی  جمع ہونے سے شہریوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا، "گورکھپور، ایودھیا، آگرہ، علی گڑھ اور وارانسی جیسے شہروں میں نکاسی کا نظام ناکام ہو چکا ہے۔ گلیوں اور محلوں میں گھٹنوں تک پانی بھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت اور مقامی بلدیاتی اداروں کی ‘ٹرپل انجن’ حکومت کو مکمل ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا، "گزشتہ نو سالوں میں بی جے پی حکومت ایک بھی شہر کو اسمارٹ نہیں بنا سکی۔ سڑکیں کھود کر رہ گئی ہیں، تعمیرات ادھوری ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، گندگی اور بدعنوانی سے عوام پریشان ہیں۔

ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں، پروپیگنڈہ پر مبنی سیاست اور سطحی ترقی کی حقیقت اب عوام کے سامنے آچکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام بی جے پی کو آنے والے انتخابات میں اس کی ناکامی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا، "2024 کے لوک سبھا انتخابات اور 2027 کے اسمبلی انتخابات میں لوگ بی جے پی کا پورا حساب لیں گے۔ سماج وادی پارٹی مفاد عامہ، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کے مسائل کو لے کر لوگوں کے درمیان جائے گی اور ایک متبادل پیش کرے گی۔