بی جے پی اقتدار میں آئی تو جھگی بستیوں پر بلڈوزر چلادے گی،کیجریوال کا دعویٰ
پریس کانفرنس میں کیجریوال نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی پہلے ووٹ مانگتی ہے اور انتخاب جیتنے کے بعد زمین پر قبضہ کر لیتی ہے‘

نئی دہلی ،12 جنوری :۔
دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا علان ہوتے ہیں تمام پارٹیوں کی جانب سے الزام جوابی الزام کا دور شروع ہو گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان غریبوں کا بہی خواہ کون ؟ کا مقابلہ جاری ہے۔ بی جے پی نے بڑے پیمانے پر جھگی بستی والوں کو لبھانے کیلئے جہاں جھگی وہیں مکان کے نعرے کی تشہیر کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں وزیر اعظم نے پکے مکانات کی چابی بھی سونپی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے جھگی بستی والوں کی تعریف کی وہیں اب عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر جھگی بستی کو لے کر سنگین الزامات عائد کئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہلی میں بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ تمام جھگی بستیوں کو منہدم کر دے گی۔ اتوار کو شکور بستی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے کہا کہ ’’بی جے پی پہلے ووٹ مانگتی ہے اور انتخاب جیتنے کے بعد زمین پر قبضہ کر لیتی ہے۔‘‘ انہوں نے بی جے پی کی ’جہاں جھگی، وہاں مکان‘ پالیسی کو صرف ایک دکھاوا قرار دیا۔
کیجریوال نے الزام لگایا کہ بی جے پی جھگی بستیوں میں زمین کے حصول کو جھگی نشینوں کی فلاح و بہبود پر ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے گزشتہ 5 برسوں میں جھگی نشینوں کے لیے صرف 4700 فلیٹس تعمیر کیے ہیں۔ ان کا اصل مقصد جھگی نشینوں کو بے گھر کر کے ان کی زمین پر قبضہ کرنا ہے۔‘‘
کیجریوال نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد تمام جھگی بستیوں کو گرا دے گی اور وہاں رہنے والے لوگوں کی فلاح کی پروا کیے بغیر زمین کو اپنے قبضے میں لے لے گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ دہلی میں اسمبلی انتخابات پانچ فروری کو ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان آٹھ فروری کو کیا جائے گا۔