بہار میں حادثات کا چھٹھ: ایک درجن سے زیادہ افراد غرقاب، بھگدڑ میں دو لوگوں کی موت

بہار میں چھٹھ کے دوران الگ الگ حادثات میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں نصف درجن بچے بھی شامل ہیں۔ واقعات کی تفصیل خبر میں پڑھیں۔

پٹنہ ۔ چھٹھ پوجا کے دوران ، بہار کے اورنگ آباد میں دیو سوریا مندر میں بھگدڑ میں دو بچے ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے میں ایک درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے بارے میں اطلہاع دی جارہی ہے۔ دوسری طرف ، سمستی پور میں عقیدت مندوں کے ہجوم پر مندر کی دیوار گر گئی۔ بہت سے لوگوں کے ملبے کے نیچے پھنس جانے کا خدشہ ہے۔ اب تک دو لاشوں کو نکالا گیاہے۔ پوری ریاست میں چھٹھ کے دوران مختلف حادثات میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سمستی پور میں عقیدت مندوں پر مندر کی منہدم دیوار کےملبے سے دو لاشیں نکالی گئیں۔

سمستی پور کے علاقے حسن پور پولیس اسٹیشن میں واقع بڈگاؤں کے کالی مندر میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ مندر کی دیوار گرنے کے سبب بہت سے افراد ملبے میں دب گئے ہیں۔ ملبے سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

یہ حادثہ اس وقت ہوا جب چھٹھ ورتی اور اس کے رشتہ دار صبح آرتی کے بعد وہاں کھڑے تھے۔ اچانک مندر کی دیوار کا ایک بڑا حصہ تالاب میں موجود لوگوں پر گر گیا۔ واقعے کے بعد افراتفری پھیل گئی ۔زخمیوں اور مرنے والوں کی صحیح تعداد کے بارے میں درست اطلاعات ابھی نہیں ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ۔

اورنگ آباد: بھگدڑ میں دو بچے جاں بحق

چھٹھ کی شام اورنگ آباد کے دیو کے مقام پر میلے میں بھگدڑ مچنے سے قریب ایک درجن افراد زخمی ہوگئے۔ بھیڑ میں دو بچے ہلاک ہوگئے۔

انتظامیہ ناکارہ ثابت ہوا

ہر سال اس میلے میں بہت زیادہ ہجوم ہوتا ہے۔ اس سال بھی بڑی بھیڑ کے امڈ آنے کی توقع کی جارہی تھی۔انتظامیہ پر سوال اتھائے جارہے ہیں کہ انھوں نے ناکافی انتظام کیا تھا۔ ۔ اہلکار زخمی عقیدت مندوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دے رہے ہیں۔ تاہم موصولہ اطلاع کے مطابق ایک مقتول کی ماں سونی دیوی اور خالہ منیشا کماری بھی زخمی ہیں۔ ان کا اورنگ آباد صدر اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے ، جہاں سونی دیوی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

چھٹھ کے دوران ڈوبنے سے ایک درجن سے زائد اموات

دوسری جانب چھٹھ کے دوران مختلف حادثات میں ڈوبنے سے ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں نصف درجن بچے بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ لکھی سرائے، مونگیر، ویشالی ، سمستی پور ، پٹنہ، آرہ ، جامو وغیرہ مقامات سے بھی کچھ چھوٹے بڑے حادثات کی اطلاعات آرہی ہیں۔ جامو سے خبر ملی ہے کہ تھانہ خیرا کے رانی پوکھر میں ڈوبنے کے بعد ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔

(ایجنسیاں)