بہار :مسلمان ملک کے لیے خطرناک ہیں،بہار میں بی جے پی رہنما کی پھر اشتعال انگیزی
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر اسمبلی انجینئر شیلیندر نے متنازعہ بیان میں آر جے ڈی کو میاں پارٹی قرار دیا
نئی دہلی ،یکم جنوری :۔
بہار میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں ۔رہنماؤں کی جانب سے رائے دہندگان کو لبھانے کیلئے ہر حربے پنائے جا رہے ہیں ۔ بی جے پی رہنماؤں نے بھی فرقہ وارانہ اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز سیاست کا آغاز کر دیا ہے۔ہندو اکثریت کو مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکانے کی مہم کے طور پر بہار کے بی جے پی ایم ایل اے انجینئر شیلیندر نے مسلمانوں کو لے کر ایک بار پھر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو ملک کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بیان پر قائم ہیں۔ ان کے اس متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی چو طرفہ تنقید کی جا رہی ہے لیکن بی جے پی کا یہ انتخابی حربہ اور چال ہے جس پر وہ قائم ہیں ۔
انہوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دیتے ہوئے مزید کہا کہ دہشت گرد کون ہے؟ غدار کون ہے؟ فوجیوں کو کون مارتا ہے؟ صرف مسلمان ہیں۔ بی جے پی ایم ایل اے نے آر جے ڈی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی ان لوگوں کی حمایت کرتی ہے۔ آر جے ڈی اور مسلمان ملک کے لیے خطرناک ہیں۔ بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بیان پر بالکل قائم ہیں۔ اس میں غلط کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو غیر منظم کون کرتا ہے؟ سناتن دھرم کو ووٹ دینے والے کی مخالفت کون کرتا ہے؟ ملک میں دہشت گرد کون ہے؟ مسجد میں مندر کی باقیات کہاں پائی جاتی ہیں؟ یہ ساری سرگرمیاں کون کرتا ہے؟ یہ صرف مسلمان کرتے ہیں اور جو مسلمانوں کی حمایت کرتا ہے، آر جے ڈی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مسلمانوں کا ووٹ نہیں چاہیے کیونکہ مسلمان ملک کے لیے خطرناک ہیں۔ ان کا ووٹ کیوں لیں؟ آج سرحد پر فوجیوں کو کون مار رہا ہے؟ پاکستان میں ہندو یا مسلمان مار رہے ہیں؟
بی جے پی ایم ایل اے نے مزید کہا کہ ہم نے 10 سال مسلمانوں کے لیے بہت کام کیا، بہت خدمت کی۔ لیکن انہوں نے ہمیں 10 ووٹ بھی نہیں دیے۔ انجینئر شیلیندر نے آر جے ڈی پر تیکھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی کو ختم کر دینا چاہیے۔ یہ آر جے ڈی نہیں، ایم آئی اے ہے۔ امیدوار کوئی بھی ہو، میاں صاحب ہیں۔ انہوں نے ہندوؤں سے "ہندو بننے” پر زور دیا اور کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو یہ ان کے لیے بدقسمتی کی بات ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ہم ایک بچہ پیدا کرتے ہیں، اور وہ 20 بچے پیدا کرتا ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے کے اس بیان سے سیاسی ہنگامہ کھڑا ہونا یقینی ہے۔