بہار: مذہبی جلوس کے دوران مسجد پر بھگوا جھنڈا لہرانے والا گرفتار
ہفتہ کی شام کالی وسرجن یاترا کے دوران مسجد کے مین گیٹ پر چڑھ کر شیوم کمار نامی شخص نے بھگو اجھنڈا لہرایا تھا،ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی
نئی دہلی ،04 نومبر :۔
بہار میں مذہبی جلوس کے دوران ایک مسجد پر بھگوا جھنڈا لہرانے کا ویڈیو وائرل ہوا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئےے بہار پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے۔ویڈیو میں وہ شخص مسجد کے مین گیٹ پر چڑھ کر بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام کالی وسرجن یاترا کے دوران لال مٹیا تھانہ علاقہ کے تحت ٹمٹم چوک کے قریب پیش آیاتھا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کی شناخت ‘شیوم کمار’ کے نام سے ہوئی ہے، جسے بھاگلپور پولیس نے پیر 4 نومبر کو گرفتار کیا ۔ اس کی اس حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ۔جس میں وہ بھگوا جھنڈا لے کر مسجد کے مین گیٹ پر چڑھ کر لہرا رہا تھا جبکہ ہجوم نعرے بازی کر رہا تھا۔
وائرل ویڈیو میں کمار کو مسجد کے گنبد پر چڑھتے اور ایک بڑا زعفرانی جھنڈا لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ آس پاس کے لوگ جوش و خروش سے ان کی داد دے رہے تھے۔ بعد میں اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کیا گیا جس میں مسلم کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز گانوں کا اضافہ کیا گیا، جس سے کشیدگی اور بڑے پیمانے پر غم و غصہ پھیل گیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد، پہلے سے ہی فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی فورسز بشمول سشسترا سیما بال (ایس ایس بی) کو تعینات کیا گیا تھا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے اور مسلمانوں کی ناراضگی کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کیا۔ ایکس پر جاری ایک پریس نوٹ میں بھاگلپور پولیس نے ملزم شیوم کمار کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو 24 گھنٹے کے اندر حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے خطے میں قیام امن کے لیے اپنے عزم پر زور دیا۔
پریس نوٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شیوم کمار کے خلاف سیکشن 88 کے تحت ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بھاگلپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ کی جائے گی تاکہ واقعہ کا مکمل سیاق و سباق اور قانون کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں یہ واضح ہو سکے۔