بہار حکومت کا رمضان المبارک کے حوالے سے  مسلم ملازمین  کے لئے خصوصی فیصلہ

۔ ریاستی حکومت کے حکم کے مطابق رمضان کے دوران مسلم ملازمین مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے دفتر آ سکیں گے اور اپنے گھروں کو جا سکیں گے

نئی دہلی،18 مارچ :۔

آئندہ چند ایام کے بعد رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہونے والا ہے ۔اس سلسلے میں جہاں مسلمان خصوصی تیاریاں کرتے ہیں وہیں حکومتی سطح پر بھی سرکاری ملازمین کے لئے رمضان کے ایام میں بعض حکومتیں خصوصی رعایت کا اہتمام کرتی ہیں ۔ اسی سلسلے میں  بہار حکومت نے رمضان کے حوالے سے مسلم ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ ریاستی حکومت کے حکم کے مطابق رمضان کے دوران مسلم ملازمین مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے دفتر آ سکیں گے اور اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔ اس سے انہیں افطار کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ رمضان کے مہینے میں مسلم ملازمین اور افسران کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’’رمضان کے دوران مسلم افسران اور اہلکاروں کو ایک گھنٹہ پہلے دفتر آنے کی اجازت ہوگی اور وہ مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے دفتر سے نکل سکیں گے۔ یہ حکم ہر سال مستقل طور پر نافذ رہے گا۔

بتایا جاتاہے کہ نتیش حکومت کی طرف سے جاری حکم کے پیچھے بنیادی وجہ یہ ہے کہ کام متاثر نہ ہو۔ اگر مسلمان ملازمین اور افسران رمضان کے دوران مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے دفتر آتے ہیں تو ان کے مقررہ وقت سے پہلے جانے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ وہ مقررہ وقت سے پہلے آکر کام مکمل کر سکیں گے۔ وہیں نتیش حکومت کے اس فیصلے سے بہار میں سیاست تیز ہوگئی۔

بہار کی نتیش حکومت کے اس فیصلے پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے تنقید کی ہے  ۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ نتیش حکومت نے یہ فیصلہ مسلم ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے لیا ہے۔ بی جے پی لیڈر ارونگ کمار سنگھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیترا نوراتری اور رام نومی کے پیش نظر بھی حکم جاری کرے۔ ساتھ ہی آر جے ڈی اور جے ڈی یو نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اتر پردیش کی یوگی حکومت نے چیترنوراتری اور رام نومی کے حوالے سے خصوصی حکم جاری کیا تھا۔ حکم کے مطابق  مندروں میں نوراتری کے دوران نو دنوں تک  مذہبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ 10 مارچ کو ریاستی محکمہ ثقافت نے تمام ڈویژنل کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹس کو ثقافتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایات دی تھیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ 21 مارچ تک تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔