بہار:  بانکا ضلع میں مدرسے کے طلبا کو ’’جئے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کا شدید رد عمل ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار نابالغوں کو گرفتار کیا

نئی دہلی ،25 جنوری :۔

مسلمانوں کے خلاف شدت پسندوں کی منافرت کا سلسلہ جاری ہے ایک بار پھر مدرسے کے نابالغ بچوں کو جبرا مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ۔وائرل ویڈیو کا تعلق بہار کے ضلع بنکا کے بارہاٹ بلاک سے بتایا جا رہا ہے۔  جس میں مدرسہ کے طلباء کو "جئے شری رام” کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ویڈیو  وائرل ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر غم و غصے  کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔، سوشل میڈیا صارفین نے بہار پولیس اور بانکا پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بانکا پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ذمہ داروں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور اس کیس کے سلسلے میں چار نابالغ مجرموں کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔اس کے ساتھ ہی، علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ، بنکا، اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ، کا کی صدارت میں دونوں برادریوں کے ساتھ ایک امن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔

سب ڈویژنل پولیس آفیسر، بارہاٹ کے بلاک آفیسر، بارہاٹ کے سرکل آفیسر، بانسی کے سرکل پولیس انسپکٹر، بارہاٹ کے پولیس اسٹیشن کے سربراہ، اور دیگر معززین نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔جس کے بارے میں بانکا پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اطلاع دی ہے۔

پوسٹ کے مطابق "دونوں  فریق نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے عزم کا یقین دلایا۔ فی الحال، صورتحال پرامن ہے، اور امن و امان معمول پر ہے۔

اس تشویشناک واقعے نے مذہبی عدم برداشت اور مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کرے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرے  ۔