بہار:نالندہ میں تشدد کے دوران ممبئی کے بی جے پی رہنما حیدر اعظم کے شوروم کو بھی شرپسندوں نے لوٹ لیا
نئی دہلی ،02اپریل :۔
رام نومی کے موقع پربہار میں ساسارام ،نالندہ سمیت متعدد مقامات پر پر تشدد واقعات رونما ہوئے ۔جس میں بڑی تعداد میں مسلم محلوں میں واقع دکانوں ،مکانوں اورمساجد و مدارس کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا اور آتشزنی کی گئی ۔دکانوں اور مال میں توڑ پھوڑ کی گئی اور سامان لوٹ لیا گیا ۔اس سلسلے میں لوٹ کے واقعات کیے متعدد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جہاں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ دکانوں سے سامان لوٹ کر لے جا رہے ہیں ۔اس دوران نالندہ کے بہار شریف میں جس ڈیجیٹل دنیا مال میں لوٹ کا ویڈیو وائرل ہوا ہے اب اس کے مالک نے ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بتا دیں کہ ڈیجیٹل دنیا کے مالک ممبئی میں رہنے والے حیدر اعظم ہیں ۔حیدر اعظم کا تعلق بی جے پی مہاراشٹر سے ہے۔وہ مہاراشٹر میں بی جے پی کے سر کردہ رہنما ہے جو اقلیتی شعبے میں سر گرم ہیں۔حیدر اعظم کے ٹوئٹر پروفائل کے مطابق مولانا آزاد مائنارٹیز فائنانشیل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق چیئر مین بھی رہ چکے ہیں۔مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دویندر فڈنویس کے ساتھ ان کی تصویر بھی ہے۔
حیدر اعظم نے اپنے ٹوئٹر پر لوٹ مار کی واردات کے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ کل شام 5 بجے بہار شریف ضلع نالندہ بہار کے میرے ڈیجیٹل دنیا مال پر نامعلوم افراد نے حملہ کر کے تمام سامان لوٹ لیا۔ممبئی میں رہنے کے باوجود ہم نے بہار کے لوگوں کو روزگار دلانے کے لیے وہاں کاروبار شروع کیا، اس قسم کے واقعہ کو دیکھ کر کون بہار میں کاروبار کرنے آئے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے نتیش حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ناکامی کا بھی الزام عائد کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ شر پسند عناسر شو روم میں رکھے گئے ٹی وی سیٹ،موبائل اور دیگر الیکٹرانک اشیا لوٹ کر لے جا رہے ہیں اور توڑ پھوڑ بھی کر رہے ہیں۔