بہار:رام نومی پر ہوئے تشددکے ایک ہفتے بعد نالندہ اور سہسرام میں امن ،انٹرنیٹ خدمات بحال
نئی دہلی،08اپریل :۔
گزشتہ دنوں رام نومی کے موقع پر بہار کے مختلف شہروں میں تشدد کے واقعات پیش آئے جہاں زیادہ تر مقامات پر کنٹرول رہا لیکن فرقہ وارانہ تشدد سے سب سے زیادہ متاثر نالندہ اور بہار میں تقریباً دس دنوں کے بعد ماحول پر امن ہوا ہے اور انتظامیہ نے انٹر نیٹ خدمات بحال کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق انٹر نیٹ خدمات کی بحالی کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایک انتباہ بھی جاری کیا ہے جس میں نادانستہ طور پر بھی اشتعال انگیز اور مذہبی جذبات بھڑکانے والی پوسٹ کرنے والوں پر کارروائی کے لئے متنبہ کیا گیا ہے ۔ہفتہ کی صبح سے نالندہ اور سہسرام میں لوگوں کو انٹرنیٹ سروس کی سہولت ملنا شروع ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پولیس انتظامیہ سوشل سائٹ پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اہلکار اشتعال انگیز پوسٹ کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
روہتاس کے ضلع مجسٹریٹ دھرمیندر کمار نے کہا کہ انتظامیہ مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے قابل اعتراض ویڈیوز اور پوسٹوں پر نظر رکھے گی۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔
نالندہ ضلع انتظامیہ کے مطابق اگر کوئی گروپ یا انفرادی سطح پر کسی بھی قسم کی غلط، گمراہ کن خبر، تصویر یا ویڈیو شیئر کر کے باہمی ہم آہنگی، فرقہ واریت یا امن کو خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور تعزیر ہند کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رام نومی کے دوران ریاست کے نالندہ اور سہسرام میں سب سے زیادہ پرتشدد جھڑپیں ہوئی تھیں جسمیں متعدد مساجد اور مسلمانوں کے دکانوں اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے انتظامیہ نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔