بھارت پاکستان  کشیدگی کے درمیان اے ایم یو میں فوج کے ساتھ  اظہار یکجہتی کے لئےریلی

علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کے طلبا،اساتذہ  نے آپریشن سندور کی کامیابی پر راشٹر پرتھم ریلی نکال کر بھارتی فوج کو خراج تحسین پیش کیا

 

نئی دہلی ،علی گڑھ, 9 مئی :۔

بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 7 مئی کی درمیانی شب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن سندور کے ذریعہ جو کامیاب کارروائی کی گئی اس پر ملک بھر میں اظہار اطمینا ن کیا جا رہا ہے اور فوج کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ اورطلبانے  بھی ”آپریشن سندور“کے   تحت   کارروائیوں  پر فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ”راشٹر پرتھم“  ریلی نکالی ۔  آج این ایس ایس دفتر سے باب سید تک مارچ نکالا جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ، این سی سی اور این ایس ایس کے رضاکار اور مختلف شعبہ جات و اسکولوں کے طلبہ و طالبات شامل تھے۔اس موقع پر طلبا نے قومی پرچم اٹھا رکھا تھااور وہ اتحاد و حب الوطنی کے نعرے لگا رہے تھے، جس سے ماحول قومی فخر اور اجتماعی عزم کے احساس سے لبریز تھا۔مارچ میں شریک طلبہ نے ہندوستانی فوجیوں کی جرآت، قربانی اور وفاداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے دفاع میں ہر چیلنج کا بے مثال بہادری سے سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل صوفیہ قریشی اور میجر ویومیکا سنگھ کی قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ حالیہ آپریشن میں ان کا مثالی کردار ملک و قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

طلبہ نے مسلح افواج کی جرأت اور ان کے عزم کو سلام پیش کیا اور ”آپریشن سندور“ کے دوران ان کی پُر حوصلہ اور حکمت عملی پر مبنی کارروائیوں کو سراہا ۔  طلبہ نے کہا، ”ہم ہر حال میں اپنے ملک کے امن و سلامتی اور سا لمیت کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی شجاعت اور حکمت عملی پر مبنی فیصلے ہمیں احساس فخر سے لبریز کرتے ہیں اور ہم ملک کی خدمت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کرتے ہیں۔اس موقع پر یونیورسٹی کے دفتر رابطہ عامہ کی ایم آئی سی انچارج پروفیسر ویبھا شرما نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی کارروائی کا جواب دینا ضروری تھا۔

اے ایم یو کے پراکٹرپروفیسر وسیم علی نے کہا، ”ہمارے سپاہیوں کے اس اقدام نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یونیورسٹی برادری قوم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔”اس مارچ میں یونیورسٹی کے سینئر اہلکار، این سی سی افسران، این ایس ایس پروگرام افسران، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے ارکان نے شرکت کی اور طلبہ کے جذبہ حب الوطنی اور اتحاد کے مظاہرے کے لئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

مارچ کا اختتام جوش و خروش سے بھرپور نعروں کے ساتھ ہوا، جس نے قومی اتحاد اور مسلح افواج سے گہری وابستگی کے تئیں اے ایم یو کے طلبہ کے عزم کو مستحکم کیا۔اس موقع پر ڈی ایس ڈبلو پروفیسر رفیع الدین،این ایس ایس کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر محمد محسن خاں،کئی ہالوں کے پرووسٹ اور سینئر اساتذہ موجود رہے۔