بھارت،  بنگلہ دیش کی سرحدیں سیل، بھارت نے سیکورٹی سخت کردی

نئی دہلی ،09 مئی :۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور حملوں کے درمیان سرحدی علاقوں پر رہنے والے شہریوں میں خوف کا ماحول ہے ۔ متعدد سرحدی گاؤں میں بلیک آؤٹ کیا گیا ۔کچھ جگہوں پر کرفیوں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شام پانچ بجے ہی بازار بند کر دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دریں اثنا پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان، ہندوستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ میگھالیہ اور آسام کے سرحدی اضلاع میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب 6 مئی کو بی ایس ایف نے چار بنگلہ دیشی شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑا۔ یہ سبھی بنگلہ دیش کے میمن سنگھ، غازی پور اور نوگاؤں اضلاع کے رہائشی تھے۔ اسے مہندر گنج پولیس اسٹیشن (جنوبی مغربی گارو ہلز) کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آر ایم قربا کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر یہ حکم یکطرفہ طور پر فوری طور پر نافذ کیا گیا ہے اور اگلے دو ماہ تک نافذ رہے گا۔

میگھالیہ کے مشرقی خاصی ہلز ضلع میں ڈپٹی کمشنر نے 5 کلومیٹر کے دائرے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ یہ حکم 8 مئی 2025 سے اگلے دو مہینوں تک ہر رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔   گزشتہ ہفتے چار بنگلہ دیشی شہری غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔  ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اس کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکم نامے کے تحت اسلحہ لے کر جانا، گروپوں میں جمع ہونا اور غیر قانونی اشیاء لانے پر مکمل پابندی ہوگ

ضلع کاچھر کے ڈپٹی کمشنر نے ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر 1 کلومیٹر کے دائرے میں غروب آفتاب سے طلوع آفتاب تک کرفیو نافذ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔   یہ حکم براہ راست سرحد سے متصل علاقوں پر لاگو ہوگا، خاص طور پر جہاں سے پہلے دراندازی یا اسمگلنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔