بنگلہ دیش :مظاہرین کی ہلاکت کی تحقیقات اقوام متحدہ کرے گی
ڈھاکہ،15 اگست :۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہرین کی ہلاکتوں کی تحقیقات کی جائے گی۔ بنگلہ دیش کی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کے ساتھ فون پر بات چیت میں کہا کہ مظاہرین کی ہلاکتوں کی اقوام متحدہ کی قیادت میں تحقیقات جلد شروع کی جائیں گی۔
محمد یونس نے بات چیت کے دوران کہا کہ انسانی حقوق ان کی انتظامیہ کے لیے ایک بنیادی مسئلہ ہوں گے اور ہر شہری کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ قبل ازیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ترجمان نے کہا کہ عالمی ادارہ بنگلہ دیش میں جاری تشدد کے درمیان اقلیتوں پر حملوں کے خلاف کھڑا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف جون میں مظاہرے شروع ہوئے تھے جس نے اگست کے آغاز میں شدید شکل اختیار کر لی۔ طلباء، پولیس اور حکومت کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 500 سے زائد افراد مارے گئے۔
ملک گیر تشدد میں 550 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ملک چھوڑ کر ہندوستان آ گئیں۔ محمد یونس نے گزشتہ جمعرات کو عبوری وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا اور سابق وزیر اعظم حسینہ اور ان کے حامیوں کی جانب سے مقرر کیے گئے سرکاری افسران کو ہٹا دیا گیا۔