بنگلور یونیورسٹی کے10 دلت پروفیسروں کاامتیازی سلوک کاالزام، انتظامی ذمہ داریوں سے استعفیٰ

نئی دہلی ،04 جولائی :۔
بنگلور یونیورسٹی کے دس دلت پروفیسروں نے ان ذمہ داریوں کو تفویض کرنے میں امتیازی سلوک کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی اضافی انتظامی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان پروفیسرز کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہیں ان کے تعلیمی کام کے ساتھ بامعنی انتظامی فرائض بھی دئیے جاتے تھے، تاہم حال ہی میں انہیں صرف’انچارج‘ کے کردار تفویض کیے گئے ہیں، جو ان کے خیال میں ان کے اختیار کو محدود کرنے کا ایک طریقہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ’’ یونیورسٹی انہیں ان ذمہ داریوں سے منسلک چھٹی کے فوائد سے انکار کر رہی ہے۔ اضافی انتظامی ذمہ داریاں دیتے وقت اس کا ذکر صرف ’انچارج‘ کے طور پر کیا گیا ہے اور ہمارے اکاؤنٹس میں جمع شدہ چھٹیوں سے بچنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں بارہا درخواستوں کے باوجود یونیورسٹی حکام کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ اس لیے ہم سب ہمیں دی گئی اضافی ذمہ داریوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
‘‘استعفیٰ دینے والوں میں -امبیڈکر ریسرچ سینٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر سی سومیشور، اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے ڈائرکٹر ناگیش پی سی، پی ایم-یو ایس ایچ اے کے کنوینر سدیش وی اور ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن سینٹر کے دائرکٹر مرلی دھر بی ایل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ استعفیٰ دینے والے مزید 6پروفیسر بھی ہیں۔