بنگال :بی جے پی کے مرکزی وزیر نے جاری کیا بیف ٹرانسپورٹ کا پاس،ہنگامہ
ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نےمرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر کا لیٹر ہیڈ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی پر بولا حملہ
نئی دہلی ،10جولائی :۔
حکمراں جماعت بی جے پی پر بیف سپلائی کمپنیوں سے چندہ لینے کے الزامات پہلے ہی لگتے رہے ہیں اس کے علاوہ پیسے لے کر گایوں کی اسمگلنگ کرنے کے بھی الزامات لگتے رہے ہیں لیکن اس بار بنگال میں بی جے پی کے مرکزی وزیر پر بیف سپلائی کا پاس جاری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے الزامات عائد کرتے ہوئے لیٹر ہیڈ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہوا موئترا نے بڑا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی وزیر اپنے لیٹر ہیڈ پر بیف کے ساتھ اسمگلرس کو بنگلہ دیش بارڈر پار کرانے کا لیٹر جاری کر رہے ہیں۔ مہوا موئترا نے سوشل میڈیا پر لیٹر ہیڈ کی فوٹو شیئر کی ہے۔ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے لکھا کہ مرکزی وزیر اپنے آفیشیل لیٹر ہیڈ پر بارڈر سیکورٹی فورس کی 85ویں بٹالین کو پاس جاری کرنے کے لئے لکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پاس انڈو بنگلہ بارڈر پر اسمگلرس کے لئے ہیں ۔ اس میں تین کلو بیف لے جانے کی اجازت ہے۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیٹر ہیڈ میں جس شخص کو اجازت دینے کی بات کہی جا رہی ہے اس کا نام زیرول غازی ہے۔اس پر اس شخص کا آدھار نمبر بھی تحریر ہے۔ موئترا نے کہا کہ اس پر مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر کے دستخط بھی ہیں۔
دریں اثنا شانتنو ٹھاکر نے باڑڈر سیکورٹی فورس پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ علاقے میں 85 بٹالین ٹی ایم سی کے ساتھ ملی ہوئی ہے ۔ ایسے میں تعصب کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور ٹٰ ایم سی سے جڑے لوگوں کو سیاسی تحفظ مل رہا ہے۔ علاق میں بیلنس قائم رکھنے کے لئے میں نے یہ پاس جاری کیا ہے۔