بنارس ہندو یونیور سٹی میں دلت پروفیسر کے ساتھ زیادتی ، ساتھی پروفیسر اور 2 طالب علموں پر ایف آئی آر
پروفیسر نے الزام لگایا ہے کہ اسے دو ساتھی پروفیسروں اور دو طالب علموں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا
وارانسی ،یکم ستمبر :۔
وارانسی پولیس نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) میں ایک دلت اسسٹنٹ پروفیسر کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ پروفیسر نے الزام لگایا ہے کہ اسے دو ساتھی پروفیسروں اور دو طالب علموں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ الزام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دو پروفیسروں نے اس کے کپڑے پھاڑ دیئے اور اسے نامناسب طریقے سے چھونے کی کوشش کی۔ متاثرہ کو لاتیں اور گھونسے بھی مارے گئے۔ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے خاتون پروفیسر سمیت 4 کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ 22 مئی کو پیش آیا، لیکن پولیس نے 27 اگست تک ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا۔ ساتھ ہی پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد دو اسسٹنٹ پروفیسر سمیت چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
الزام ہے کہ ملزم ساتھی پروفیسر اسے برہنہ کرنے اور یونیورسٹی کے چکر لگانے کی بات کرتا تھا۔شکایت کے مطابق 22 مئی کو دوپہر 2 بجے کے قریب ان میں سے ایک پروفیسر کے چیمبر میں آیا اور اسے عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی۔ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ خاتون جیسے ہی اپنے چیمبر سے باہر آئی تو دوسرے ملزمان نے ڈپارٹمنٹ کا دروازہ بند کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک پروفیسر نے مجھے پکڑ لیا اور میرے کپڑے پھاڑ کر میرے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش کی۔ ایک اور نے اس کی ویڈیو ریکارڈ کی۔ باقی لوگوں نے مجھے لاتیں اور گھونسے مارے۔ متاثرہ نے چیخنا چلانا شروع کر دیا تو کچھ لوگوں نے اسے بچا لیا۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر پروین کمار سنگھ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پروفیسر کا کہنا تھا کہ مجھے اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ میں دلت ہوں۔
ایف آئی آر سی آر پی سی کی دفعات کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد درج کی گئی تھی۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
چاروں ملزمان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 323 (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا)، 342 (غلط طور پر قید کرنا)، 354-B (کسی عورت پر حملہ کرنا یا کپڑے اتارنے کے ارادے سے مجرمانہ طاقت کا استعمال کرنا)، 504 (جان بوجھ کر اشتعال انگیزی) 506 (دھمکی) اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ۔
دریں اثنا ملزم پروفیسر نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ الزامات من گھڑت ہیں۔ اس نے دوسروں کے خلاف بھی ایسی ہی شکایات درج کرائی ہیں۔ اس کے اپنے ذاتی مقاصد ہیں اور اسی لیے وہ ایسا کر رہی ہے۔ اگر ایف آئی آر درج کرنے سے پہلے مناسب تفتیش کی جاتی تو معاملہ اس مرحلے تک نہ پہنچتا۔