بلندشہر:مندروں پر حملہ کر کے مورتیاں توڑنے والے چار ہندو نوجوان گرفتار
گلاوٹھی پولیس نے تفتیش کے بعد کلیدی ملزم ہریش شرما،شیو ،کیشو اور اجے کو گرفتار کیا،توڑ پھوڑ میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی بر آمد
نئی دہلی ،08 جون:۔
اتر پردیش کے بلند شہر میں حیرت انگیز طور پر پولیس نے مندر میں مورتیوں کو توڑنے والے چار ہندو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے ۔ان ہندو نوجوانوں نے چار مندروں میں تقریباً درجن بھر مورتیوں کو نقصان پہنچایا تھا،ان چاروں کے نام ہریش شرما، شیوم ،کیشو اور اجے ہے ۔
ان چاروں نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد پولیس نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان چاروں نوجوانوں میں کلیدی ملزم ہریش ہے جو گاؤں برالا کا رہنے والا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ان چاروں نے پہلے ہریش کے گھر میں بیٹھ کر شراب پی پھر اس واردات کو انجام دیا۔پولیس نے بتایا کہ اس توڑ پھو میں استعمال ہونے والے ہتھیار کو بھی بر آمد کر لیا گیا ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاش کے بعد ان کی تفتیش کی گئی اور شناخت کے بعد ان چاروں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے ۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل یوپی کے بلند شہر کے گلاوٹھی تھانہ علاقے کے برال گاؤں میں چار مندروں میں توڑ پوڑ کر کے ایک درجن سے زیادہ مورتیوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ اس کے بعد گاؤں کے ہندو اکثریت مشتعل ہو گئے تھے اور ہندو تنظیم کے کارکنوں نے جم کر ہنگامہ کیا تھااور کارروائی کا مطالبہ کیاتھا۔اس وقت فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچی پولیس نے مندر کو سیل کرکے لوگوں کو سمجھایا اور کارروائی کا یقین دلایاتھا۔
دی کوئنٹ کی رپورٹ کے مطابق ہندو ایکشن آرمی کے صدر امت تومر نے بتایا کہ گاؤں میں ایک مندر ہے جو 100 سال سے زیادہ پرانا ہے۔ جمعرات کی صبح جب عقیدت مند پوجا کرنے گئے تو چاروں مندروں میں ٹوٹی ہوئی مورتیوں کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ اس کے بعد گاؤں والوں اور ہندو تنظیم کے کارکنوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہو گئی تھی۔ معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے گلاوٹھی صدر تھانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آج ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید اس کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔
خیال رہے کہ اس سلسلے میں مین اسٹریم میڈیا میں یہ خبر خوب چلی تھی اور آج تک پر سدھیر چودھری نے باقاعدہ پروگرام کر کے اس معاملے کو ہندو مسلم کرنے کی کوشش کی تھی اور خاموشی پر سوال اٹھایا تھا۔