بزرگ دلت رہنما پرکاش امبیڈکر کی مغل حکمراں اورنگزیب کے مزار پر حاضری
ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے ) کے صدر نے کہا کہ ارنگ زیب ہمارے ملک کی تاریخ ہے اسے ہم مٹا نہیں سکتے
نئی دہلی،19 جون:۔
عظیم مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر ان دنوں ہندوتو کے نشانے پر ہیں،مہاراشٹر میں گزشتہ دنوں مسلم نوجوان کے ذریعہ اورنگ زیب کی تصویر اپنے اسٹیٹس پر لگانے پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا ۔ہندو تو تنظیموں نے اس معاملے پر فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول پیدا کر دیا اور خوب ہنگامہ آرائی کی ۔حالانکہ مسلم نوجوان کو فوری طور پرپولیس نے حراست میں لے لیا ۔لیکن ہندو تنظیموں نے اورنگ زیب کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا۔ان تمام ہنگامہ آرائی کے درمیان ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کے صدر اور بزرگ دلت رہنما پرکاش امبیڈکر نےحیرت انگیز طور پر گزشتہ دنوں اورنگ زیب عالم گیر کے مزار پر حاضری دی ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ مغل بادشاہ اورنگ زیب نے 50 سال حکومت کی اور لوگوں کو ان کے ساتھ زیادتی کرنے کے بجائے تاریخ سے آگاہ ہونا چاہیے۔پرکاش امبیڈکر نے اس دوران اورنگ آباد میں اورنگ زیب کی یادگار پر پہنچ کرمغل حکمراں کی قبر پر پھول بھی چڑھایا۔
اس دوران انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورنگزیب کی یادگار پر جانے میں کیا حرج ہے؟ وہ ایک مغل بادشاہ تھا جس نے یہاں 50 سال حکومت کی۔ کیا ہم تاریخ کو مٹا سکتے ہیں؟
مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا: ’’ہمیں اورنگ زیب کو گالی دینے کے بجائے اس پر غور کرنا چاہیے کہ اس نے یہاں حکومت کیوں کی۔ وجوہات کیا تھیں… ہمیں اپنے ماضی کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔ اور نفرت پھیلانے کے بجائے ہمیں حقائق سے ہم آہنگ ہونا چاہئے اور اسے ماضی میں گزرے تاریخی حقائق کے طور پر دیکھنا چاہئے ۔
دلت رہنما نے سوشل میڈیا پر اورنگ زیب کی تصاویر پوسٹ کرنے والے مسلمانوں کی گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ان مسائل کو سیاسی رنگ دینے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی جگہ ہوتا تو میں ان تنازعات کو 24 گھنٹوں کے اندر ختم کر دیتا۔