بریلی: اسلاموفوبیا کی انتہا،سڑک پر نماز جنازہ ادا کرنے پر 57 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج
نئی دہلی ،02 اکتوبر :۔
اس وقت ملک میں خاص طور پر اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں اسلاموفوبیا اپنی انتہا پر ہے ۔مسلمانوں کے خلاف چھوٹی سی چھوٹی باتوں کو لے کر ایف آئی آر رجسٹر ہونایامسلمانوں کے ذریعہ مذہبی پروگرام انجام دینا غیر قانونی عمل قرار دیا گیا ہے ۔خواہ ہو اپنے گھروں میں انجام دیں یا سڑک پر،اس کے بر عکس اگر ہندو مذہب کے ماننے والے سڑکیں بلاک کرتے ہیں اور جلوس نکالتے ہیں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔
حال ہی میں جگہ کی کمی کی وجہ سے سڑک پر عید کی نماز پڑھنے والے 40 مسلمانوں کے خلاف کانپور میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد بریلی میں بھی ایسے ہی واقعات سامنے آئے ہیں۔
معاملہ حافظ گنج تھانہ علاقہ کا بتایا جاتا ہے جہاں سڑک پر نماز جنازہ ادا کرنے پر 57 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یہ ایف آئی آر سب انسپکٹر گجیندر سنگھ کی شکایت پر درج کی گئی ہے، جس میں کلوا، نربر خان، صابر، جندے علی، محمد عمر، اربے علی، ممتاز سمیت 50 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ بتا دیں کہ ان لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 505(1)(B) اور 341 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسجد میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے ایک مدت سے سڑک پر جنازہ کی نماز ادا کرتے آ رہے ہیں ،اس سے پہلے اس طرح کی کوئی شکایت نہیں ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ماحول خراب نہ ہو اس لئے مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ جنازہ کی نماز ادا کرنے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ایک طرف جہاں نماز ادا کی جا رہی ہے وہیں بھجن اور کرتن کی بھی آواز آ رہی ہے ۔پولیس کی بیرکیڈنگ میں نماز ادا کی گئی ہے۔
پولیس نے 30 ستمبر کو بتایا کہ بریلی ضلع میں ایک قبرستان کے قریب سڑک پر نماز پڑھنے کے الزام میں سات نامزد اور 50 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔حافظ گنج اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) چیترام ورما نے کہا، "سب انسپکٹر گجیندر سنگھ کی شکایت کی بنیاد پر کیس درج کیا گیا تھا۔
سب انسپکٹر کی شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے، ایس ایچ او نے کہا کہ گاؤں کے سربراہ محمد عمر نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ جمعہ کی صبح ایک شخص کو قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب نقشو خان کا جنازہ قبرستان کے قریب سڑک پر پہنچا تو ملزمان نے وہاں نماز جنازہ ادا کی۔
بریلی کے ایس پی نے کہا، "پولیس اسٹیشن انسپکٹر کی جانب سے تمام ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 505 اور 341 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ جانچ کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔”