برطانیہ کی نو منتخب حکومت میں شبانہ محمودبنی وزیر انصاف
لندن ،06جولائی :۔
برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی کابینہ تشکیل دے دی ہے۔انجیلا رینر کو نائب وزیراعظم بنایا گیا ہے۔ریچل ریوز کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ریچل ریوز برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر خزانہ ہیں، وزارت خارجہ کی ذمہ داری ڈیوڈ لیمی کو سونپی گئی ہے جب کہ یوویٹ کپور کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔ جان ہیلی کو وزارت دفاع جبکہ شبانہ محمود کو وزیر انصاف بنایا گیا ہے۔ برطانیہ میں لیبر پارٹی 14 سال بعد اقتدار میں واپس آگئی ہے۔
اس جیت کے بعد کیئر اسٹارمر نے کہا، "ہم نے یہ کر دیا، آپ نے اس کے لیے مہم چلائی، آپ نے اس کے لیے لڑا، آپ نے اسے ووٹ دیا اور اب وہ لمحہ آ گیا ہے۔ تبدیلی یہاں سے شروع ہوتی ہے۔ اور میں سچ پوچھوں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ لیبر پارٹی اس دن کے لیے تبدیلیوں کے ساتھ ملک کی خدمت کے لیے تیار ہے۔شکست کے بعد سابق وزیر اعظم رشی سنک نے قوم سے خطاب کیا اور شکست کی ذمہ داری قبول کی۔دریں اثنا وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ "تبدیلی کا کام فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔”
وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے برطانوی ایشیائی وزیر اعظم کے طور پر رشی سنک کے کام کی بھی تعریف کی۔برطانیہ میں گزشتہ 14 سال سے کنزرویٹو پارٹی کی حکومت تھی لیکن اس بار انتخابات میں لیبر پارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔