برطانیہ: اسرائیلی امداد کے خلاف اسلحہ فیکٹری کے باہر زبردست مظاہرہ
لندن،11نومبر :۔
غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے پوری دنیا میں تشویش کی لہر ہے ۔اسرائیل کو امداد فراہم کرنے والے ممالک امریکہ اور برطانیہ میں بھی عوام میں حکومت کی حکمت عملی کے خلاف ناراضگی دیکھی جا رہی ہے ۔لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور کھل کو حکومت کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں ۔امریکہ کی طرح برطانیہ میں بھی اسرائیل کی فلسطینی بچوں پر مسلسل بمباری شدید عوامی غصے کا سبب بن رہا ہے۔ جمعہ کے روز برطانیہ میں اسرائیل مخالف درجنوں مظاہرین نے اسرائیل کو اسلحہ سپلائی کرنے والی فیکٹری کا داخلی راستہ بلاک کر دیا۔
یہ فیکٹری انگلینڈ کے جنوب مشرق میں قائم ہے اور سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری ہے۔مظاہرین فیکٹری کے دروازے پر مظاہرے کے دوران یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ ‘ اسرائیل کو اسلحہ دینا بند کرو۔’ ان مظاہرین نے اس دوران فلسطین کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ پچاس کے قریب مظاہرین فیکٹری کے سامنے والے دروازے کی طرف کھڑے تھے۔ جو دوسرے دروازوں پر بھی پہنچ گئے۔
اسلحہ بنانے والی برطانوی فیکٹری جنگی جہازوں میں استعمال ہونے والے الیکٹرانک آلات تیار کرتی ہے۔ نیز نگرانی کے لیے بروئے کار آنے والے آلات بناتی ہے۔مظاہرین میں اسرائیلی بمباری کو غیر انسانی رویہ قررا دینے والے عام لوگوں کے علاوہ ٹریڈ یونین کے کارکن بھی تھے۔
فیکٹری کی طرف سے یہ کہا گیا ‘ اسے بھی اسرائیل اور حماس کی جنگ پر تشویش ہے اور شہریوں پر پڑنے والے تباہ کن اثرات سے خوفزدہ ہیں، امید رکھتے ہیں اسے جلد نمٹا لیا جائے گا۔ ‘
واضح رہے فیکٹری کی طرف سے یہ تو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے طور پر کوئی اسلحہ ایکسپورٹ نہیں کرتی نہ سپلائی کرتی ہے بلکہ ایک قاعدے قانون کے مطابق سب کام کرتی ہے لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ وہ قاعدہ اور قانون کس کا ہے جس پر وہ عمل کر کے مہلک اسلحہ سازی کا کام کرتی ہے۔ علاوہ ازیں برطانیہ اور امریکہ کے بڑے شہروں میں مسلسل مظاہرین اسرائیلی بمباری کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ امریکی یونیورسٹیوں بشمول ہارورڈ میں بھی احتجاج کیاگیا-