بدھوڑی کی مسلم مخالف ہیٹ اسپیچ کے لئے پی ایم اور نڈا عوام سے معافی مانگیں:ویلفیئر پارٹی کا مطالبہ

نئی دہلی،24ستمبر :۔

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران بی جے پی ممبر پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے ذریعہ انتہائی اہانت آمیز زبان کے استعمال کی پرزور مذمت کرتی ہے-پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے بی جے پی ایم پی مسٹر رمیش بدھوڑی کے ذریعہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں ساتھی ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز، ہتک آمیز، پارلیمنٹری ضوابط کے خلاف،مسلم مخالف اور غلیظ زبان کے استعمال کی پرزور مذمت کی ہے۔

انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر جناب جے پی نڈا سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں کی گئی اس نفرت انگیز اور مسلم مخالف تقریر کے لئے مسٹر بدھوری کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ انہوں نے کہا ہوسکتا ہے بی جے پی کی اخلاقیات میں اس شرمناک حرکت کی گنجائش ہو لیکن یہ یقیناً آئین مخالف اور جمہوری اخلاقیات کے منافی ہے-

انہوں نے کانگریس ممبر پارلیمنٹ کو ڈی کوننیل سریش کے ڈھلمل رویہ پر بھی سخت اعتراض کیا جو اس بدقسمت لمحہ میں اسپیکر کی کرسی پر براجمان تھے لیکن انہوں نے نہ تو بی جے پی ایم پی کو اس شرمناک حرکت سے باز رکھنے کی کوشش کی اور نہ ہی اس تقریر کو وائرل ہونے سے روکا۔

انہوں نے آگے کہا ملک کی سب سے بڑی اقلیت کی پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں پہلے ہی نمائندگی کم ہے۔ اس پر مستزاد منتخب ممبران کی عزت نفس پر اس طرح کہ جارحانہ حملے ناقابل برداشت ہیں۔ افسوس کہ اس پر وزیر اعظم اور بی جے پی صدر نے ابھی تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

ڈاکٹر الیاس نے تمام ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سب یک زبان ہوکر وزیر اعظم سے مطالبہ کریں کہ وہ اپنی پارٹی کے ایم پی کی اس حرکت پر عوام سے معافی مانگیں نیز اسپیکر سے بھی مطالبہ کریں کہ وہ مسٹر بدھوری کے معاملہ کو پارلیمنٹ کی پری ولیج کمیٹی کو سونپ دیں تاکہ اس پر فوری کاروائی کی جاسکے ۔