با لآخرکسان رہنما ڈلیوال علاج کے لیے تیار، اسپتال میں داخل
نئی دہلی، 22 جنوری :۔
پنجاب حکومت نے بدھ کو سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران بتایا کہ کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال، جو کہ انشن پر ہیں، علاج کے لیے راضی ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی اس اطلاع کے بعد جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے امید ظاہر کی کہ ڈلیوال کسانوں کے مفاد میں اپنی صحت کا خیال رکھیں گے۔ کیس کی اگلی سماعت فروری کے آخر میں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے عدالت کو بتایا کہ بہت سی مثبت چیزیں ہوئی ہیں۔ مرکزی حکومت کے وفد کے ساتھ بات چیت کی تاریخ 14 فروری مقرر کی گئی ہے اور اسی کے پیش نظر ڈلیوال اور دیگر ہڑتالی کسانوں نے طبی امداد لی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ طبی امداد کے بعد جگجیت سنگھ ڈلیوال کی حالت میں بہتری آئی ہے اور انہیں احتجاجی مقام کے قریب واقع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کے دلائل اور مرکزی حکومت سے بات چیت پر کسان رہنماؤں کے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فی الحال سپریم کورٹ نے ڈلیوال کے علاج کے حوالے سے پنجاب حکومت کے افسران کے خلاف شروع کی گئی توہین عدالت کی کارروائی ملتوی کر دی ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت فروری کے آخر میں ہوگی۔