بابری مسجدیوم شہادت: حیدرآباد میں اجتماعی دعائیہ تقریب،بڑی تعداد میں مسلم خواتین کی شرکت
نئی دہلی ،06دسمبر :۔
آج 06 دسمبر کو بابری مسجد کی شہادت کے 31 سال ہو چکے ہیں ۔اس سلسلے میں ملک کے متعدد حصوں میں پروگرام کا انعقاد کر کے بابری مسجد کو یاد کیا گیا اور اس موقع پر اجتماعی دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کر کے بابری مسجد کی شہادت کو یاد کیا۔
اس سلسلے میں حیدرآباد کے سعید آباد میں بھی ایک اجتماعی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی خاص بات یہ تھی کہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور 6 دسمبر کو بابری مسجد کے انہدام کی اذیت ناک یادیں تازہ کیں۔یہ پروگرام منگل کے روز ایک کھلے میدان میں منعقد کیا گیا تھا ۔اس دوران انہوں نے باجماعت نماز ادا کی اور دعا میں کھڑے ہو کر قنوت نازلہ پڑھا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعیدآباد کی مسلم خواتین نے سی اے اے مخالف مظاہروں کے دوران اسی طرح کے اجتماعات اور احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔
واضح رہے کہ 06دسمبر 1992 کو ایودھیا میں شدت پسند ہندوؤں نے بابری مسجد کو منہدم کر دیا تھا ۔ انصاف کے لیے برسوں کی جدوجہد کے باوجود، سپریم کورٹ آف انڈیا نے 09 نومبر 2019 کو بابری انہدام کے قصورواروں کو معافی دیتے ہوئے مندر کی تعمیر کے لیے پوری زمین مختص کرنے کا حکم دیا۔05 اگست 2020 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اس زمین پر رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا جہاں بابری مسجد واقع تھی۔ابایودھیا میں رام مندر کا افتتاح 22 جنوری 2024 کو مقرر ہے۔