بابا رام دیو نے مذہب اور قوم پرست جذبات کا استعمال کرتے ہوئے ایک کاروباری امپائر کھڑا کیا   

سید خلیق احمد

نئی دہلی،20 اپریل :۔

بی جے پی جیسی سیاسی جماعتیں مذہب اور فرقہ وارانہ پولرائزیشن کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ بھارت میں مذہبی کارڈ کھیل کر بی جے پی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، فی الحال بی جے پی مرکز اور کئی ریاستوں میں اقتدار حاصل کر چکی ہے۔ آج، بی جے پی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، جس نے بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست، اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں حکومتیں بنا رکھی ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ذریعہ قائم کردہ فرقہ وارانہ پولرائزیشن کے فارمولے کا استعمال کرتے ہوئے، یوگا گرو سے بزنس مین بنے بابا رام دیو نے بھی اپنی کاروباری سلطنت، پتنجلی گروپ کو فروغ دینے کے لیے مذہب اور قوم پرست جذبات کا خوب استعمال کیا ہے، اسے اپنے کارپوریٹ حریفوں کے خلاف کھڑا کیا ہے۔

پتنجلی گروپ مذہبی شناخت کا فائدہ اٹھا کر، "سودیشی” یا اقتصادی قوم پرستی کے جذبات کو فروغ دے کر، اور بعض اوقات مذہب پر مبنی نفرت کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی مارکیٹ میں مسلسل پھیل رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں، کمپنی نے مالی سال 24 میں 31,961.62 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جو پچھلے سال کے 31,821.45 کروڑ روپے سے تھوڑا زیادہ تھا۔

چند سال قبل، رام دیو نے پتنجلی آیوروید کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے ادویات کے ایلوپیتھک نظام کے بارے میں تضحیک آمیز ریمارکس کر کے تنازعہ کھڑا کر دیا تھا، جس کے بعد بابا رام دیو کو اپریل 2024 میں رام دیو کی کمپنی کے ہیلتھ پراڈکٹس کے گمراہ کن اشتہارات کے لیے اپنے خلاف درج کئی مقدمات میں سپریم کورٹ سے معافی مانگنی پڑی تھی۔

رام دیو کی کمپنی کے اشتہارات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پتنجلی پروڈکٹس ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کا علاج کر سکتے ہیں، جو کہ ڈرگس اینڈ میجک ریمیڈیز (قابل اعتراض اشتہارات) ایکٹ 1954 کی خلاف ورزی ہے۔

کووڈ وبائی مرض کے دوران یوگا گرو رام دیو نے دعویٰ کیا تھا کہ لوگ کورونا وائرس کے انفیکشن کے علاج کے لیے ایلوپیتھک ادویات لینے کے بعد مر رہے ہیں۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) اور اس وقت کے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس کی سخت مذمت کی تھی اور رام دیو سے اپنا بیان واپس لینے کو کہا  تھا۔ آئی ایم اے نے رام دیو کے خلاف عدالتی مقدمات دائر کیے تھے۔

رام دیو پتنجلی آیوروید کی دواؤں کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے غلط طریقے اپنانے کے لیے تنازعات میں رہے ہیں۔ اب حال ہی میں رام دیو نے ایک بار پھر متنازعہ تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے مقبول مشروب روح افزا کو "شربت جہاد” کہا۔

قابل ذکر ہے کہ روح افزا کو ہمدرد لیبارٹریز لمیٹڈ نے تیار کیا ہے، جو مسلمانوں کی طرف سے قائم اور چلایا جاتا ہے، اس لیے رام دیو کے تبصرہ کو فرقہ وارانہ تبصرہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ہمدرد کا سالانہ ٹرن اوور تقریباً 1,000 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے، اس کی آمدنی کا تقریباً 85 فیصد صرف روح افزا کی فروخت سے حاصل ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں، پتنجلی اس زمرے میں اپنی کئی مصنوعات فروخت کرتی ہے، بشمول پتنجلی گلاب شربت اور پتنجلی کھس شربت۔

پتنجلی اور ہمدرد دونوں کے مینوفیکچرنگ یونٹ دہلی سے متصل ہریانہ کے گروگرام ضلع کے صنعتی مرکز مانیسر میں واقع ہیں۔ چونکہ ہمدرد ایک ٹرسٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہے، اس لیے اس کے منافع کا 85 فیصد رفاہی اور فلاحی کاموں بالخصوص تعلیم اور صحت پر خرچ ہوتا ہے۔

اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے فرقہ پرستی کا استعمال کرنا رام دیو کے لیے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل، انہوں نے یونی لیور اور پراکٹر اینڈ گیمبل جیسی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مقابلے میں اپنی کمپنی کے آیوروید اور صارفین کی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے فرقہ پرستی کا استعمال کیا تھا۔

انہوں نے ہندوستان کی مقامی برادریوں کے معصوم حب الوطنی کے جذبات کا فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی مصنوعات کو "سودیشی” قرار دیا۔ سودیشی کے تصور کو آر ایس ایس اور اس سے منسلک تنظیموں نے اپنے انتہائی قوم پرست ایجنڈے کے ایک حصے کے طور پر پھیلایا ہے۔

مقامی صنعتوں کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مقامی مصنوعات کو فروغ دینے میں کوئی حرج نہیں لیکن دوسرے مذاہب کے لوگوں کی جانب سے چلائی جانے والی کمپنیوں کی مصنوعات کو بدنام کرنے کے لیے مذہب کو استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

سال 2006 میں ایک کثیر القومی آیوروید کمپنی کے طور پر قائم ہونے والی پتنجلی نے قوم پرستی اور مذہبی جذبات کے عروج کی وجہ سے گزشتہ 10 سالوں میں اپنے کاروبار میں تیزی سے ترقی دیکھی ہے۔ یہ وہی دور ہے جب بی جے پی مرکز اور کئی ریاستوں میں مذہبی کارڈ کا استعمال کرکے اقتدار میں آئی تھی۔

اسی عرصے کے دوران، گجرات اور دیگر ریاستوں میں بہت سی دوسری کمپنیوں نے بھی بہت زیادہ منافع کمایا، لیکن ان کا منافع مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے متاثر مذہبیت کے فروغ کی وجہ سے نہیں، بلکہ حکمران جماعت کی سرپرستی میں کرونی کیپٹلزم کے ذریعے ہوا۔ اس کے برعکس، گزشتہ ایک دہائی میں رام دیو کے پورے عروج کو بڑھتی ہوئی مذہبیت اور انتہائی قوم پرستی سے منسوب کیا جا سکتا ہے، جسے وہ اپنی کمپنی کی مصنوعات بیچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

رام دیو نے چالاکی سے مذکورہ دونوں صورتوں سے فائدہ اٹھایا اور اپنی مصنوعات کو ہر گھر تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ اگرچہ تقریباً ہر ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کمپنی کی مصنوعات  معیار پر پوری نہیں اترتی ہیں، پھر بھی وہ فروخت ہوتی ہیں کیونکہ اکثریتی طبقے کا ایک بڑا حصہ پتنجلی کی مصنوعات کی خریداری کو ایک مذہبی فریضہ سمجھتا ہے۔ یہ وہی گروپ ہے جو ہندوتوا کو مضبوط کرنے کے لیے بی جے پی کو ووٹ دینے پر یقین رکھتا ہے، وہی گروپ، اسی منطق کی بنیاد پر پتنجلی کی مصنوعات خریدنے میں بھی یقین رکھتا ہے۔لہٰذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں تھی جب موسم گرما کے آغاز سے عین قبل، پتنجلی کے برانڈ ایمبیسیڈر رام دیو نے "شربت جہاد” کی بات کی اور دعویٰ کیا کہ پرانے شربت کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی (یہاں وہ مشہور شربت روح افزا کا حوالہ دے رہا ہے) سے مدرسے اور مساجد کی تعمیر میں مدد ملے گی، جب کہ مندروں کی تعمیر کے لیے شربت خریدیں ۔ یہ ان کی اپنی کمپنی کے شربت کی فروخت کو فروغ دینے اور اس کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی شربت روح افزا کے لیے نفرت پیدا کرنے کے لیے ایک صریح فرقہ وارانہ اور مذہبی اپیل تھی۔

دوسری جانب ہمدرد لیبارٹریز کے مالکان نے رام دیو کے ساتھ کسی قسم کی بحث میں آنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کمپنی سے حاصل ہونے والی آمدنی اسکولوں، کالجوں اور ایک یونیورسٹی کو چلانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جس میں اس وقت 10,000 سے زیادہ طلبہ ہیں۔ وہ نسبتاً کم قیمت پر علاج فراہم کرنے کے لیے ہسپتال بھی چلاتے ہیں۔ ایک میڈیا انٹرویو میں ہمدرد لیبارٹریز کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کمپنی ہندو اور مسلمان دونوں کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روح افزا کے کوالٹی کنٹرول یونٹ کا سربراہ ایک برہمن ملازم ہے۔

غور طلب ہے کہ رام دیو نے اپنے دعوے میں اپنی مصنوعات کے معیار کے بارے میں نہیں بتایا کہ آیا ان کا شربت روح افزا سے بہتر ہے یا نہیں۔ اگر ان کی مصنوعات کا معیار بہتر ہوتا، تو انہیں روح افزا کے بارے میں فرقہ وارانہ تبصرے کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، جو پورے ملک میں، خاص طور پر شمالی اور مغربی ہندوستان میں ایک معروف نام ہے، اور اسے شادیوں، سماجی تقریبات اور مذہبی تہواروں جیسے تمام مواقع پر لوگ  استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ لوگ عام طور پر اپنے معیار کی بنیاد پر پروڈکٹس کا انتخاب کرتے ہیں، لیکن ایک ایسا طبقہ ہے جو مذہبی اور فرقہ وارانہ اپیلوں سے متاثر ہو سکتا ہے، جو کہ رام دیو کی طرف سے اپنایا گیا ایک غیر اخلاقی کاروباری عمل ہے۔

جہاں رام دیو نے پریس کانفرنس میں اپنے شربت کے معیار کو بتانے سے گریز کیا جہاں انہوں نے "شربت جہاد” کی اصطلاح استعمال کی، وہیں ہمدرد کے مالک نے میڈیا کو ایک انٹرویو میں اپنے شربت کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزاء اور اس کے معیار کے بارے میں تفصیل سے بات کی، جو کہ کمپنی نے 1906 میں پرانی دہلی میں لال کنواں سے اس کی تیاری شروع کرنے کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی۔