بائیں بازو کی جماعتوں کا بلنکن کے دورہ ہند سے قبل احتجاج کا اعلان
نئی دہلی ،07نومبر :۔
فلسطینی میں جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور اس کی پشت پناہی کرنے والے امریکہ اور برطانیہ کے خلاف عوام کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے ۔پوری دنیا میں احتجاج کئے جا رہے ہیں اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔دریں اثنا بائیں بازو کی جماعتوں نے "امریکی سامراجیت” کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی دفاعی افواج کے اقدامات کے لیے امریکی مالی امداد اور حمایت کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ احتجاج امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ہندوستانی دفاع اور خارجہ امور کے وزراء کے ساتھ 2+2 وزارتی مذاکرات کے لیے ہندوستان کے دورے کے ردعمل میں ہے۔
سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ، اے آئی ایف بی کے جنرل سکریٹری جی دیوراجن، سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ اور آر ایس پی کے جنرل سکریٹری منوج بھٹاچاریہ نے ایک مشترکہ بیان میں نریندر مودی حکومت پر زور دیا ہے۔ فلسطینیوں کی امریکی اسرائیلی نسل کشی کی حمایت بند کرنے اور فوری جنگ بندی کے عالمی مطالبے کے تحت احجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔
رہنماؤں نے کہا کہ بائیں بازو کی جماعتوں کی ریاستی اکائیاں متعلقہ ریاستوں میں ان احتجاجی کارروائیوں کے طریقہ کار کا فیصلہ کریں گی۔