بائیڈن کی انتخابی مہم میں تقریر کے دوران فلسطین کے حق میں نعرے بازی
واشنگٹن ،09جنوری :۔
فلسطین میں اسرائیل کی بمباری میں مظلوم فلسطینیوں کی ہلاکت کے خلاف امریکہ میں بھی انصاف پسند طبقہ سراپا احتجاج ہے ۔ امریکہ میں صدارتی انتخابات کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔دریں اثنا صدر جوبائیڈن کی جنوبی کیرولائنا میں انتخابی مہم کے دوران تقریر کے موقع پر شرکاء نے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگا دیے۔
جوبائیڈن سیاہ فام ووٹرز سے چرچ میں خطاب کررہے تھے، اس موقع پر بعض شرکاء کھڑے ہوگئے اور فوری جنگ بندی کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر جوبائیڈن نے مجمع کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے جذبات سمجھتا ہوں، اور یہ بھی کہ وہ اسرائیل سے بات کررہے ہیں کہ غزہ میں فوجیوں کی تعداد میں کمی اور فوج کی واپسی کی جائے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ صدر کو اگر بے گناہ فلسطینیوں کا واقعی دکھ ہے تو غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے۔
دریں اثنا غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے بڑھ گئی۔غزہ وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 23 ہزار 84 فلسطینی شہید اور 58 ہزار 926 زخمی ہوچکے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔