اے پی سی آر نے دہلی پولیس کے ذریعہ دفتر پر چھاپے ماری کی مذمت کی
نئی دہلی،یکم دسمبر :۔
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے اپنے قومی جنرل سکریٹری ندیم خان کو بلاجواز ہراساں کرنے اور گرفتار کرنے کی کوشش اور دہلی پولیس کی طرف سے پیشگی اطلاع یا مناسب کارروائی کے بغیر اس کے دفتر پر چھاپہ مارنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر کی رات دہلی پولیس نے دہلی میں اے پی سی آر کے دفتر پر غیر مجاز چھاپہ مارا اور 30 نومبر کو شاہین باغ تھانے کی پولیس بغیر کسی وارنٹ یا نوٹس کے ندیم خان کو ان کے بھائی کے گھر سے گرفتار کرنے بنگلور پہنچی۔
خیال رہے کہ اے پی سی آر ایک ایسی تنظیم ہے جو شہری آزادیوں کو برقرار رکھنے، انصاف کو یقینی بنانے اور سب کے لیے مساوات کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کے لیے وقف ہے۔ یہ اس وقت ملک بھر میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں سے متعلق کئی معاملات میں قانونی مدد فراہم کر رہا ہے۔
یہ مختلف ہائی کورٹس کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے سامنے متعدد مقدمات میں درخواست گزار ہے۔ ان میں سے کئی معاملات میں سپریم کورٹ نے بھی اس کے اسباب کے جواز کو تسلیم کیا ہے اور ریلیف فراہم کیا ہے۔
پولیس کی طرف سے کی جانے والی کسی بھی تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے پرعزم، اے پی سی آر چاہتی ہے کہ تمام تحقیقات قانون کے مطابق عمل کی پیروی کریں اور ندیم خان کو ہراساں کرنا فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق 30 نومبر کی شام 5 بجے، شاہین باغ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او چار افسران کے ساتھ بنگلور پہنچے اور ندیم خان کو ٹویٹر پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے "رضاکارانہ طور پر” ان کے ساتھ دہلی جانے کو کہا۔ وہ کوئی وارنٹ یا نوٹس لے کر نہیں آئے تھے، لیکن انہیں محض ایک ایف آئی آر کی کاپی دکھائی (ایف آئی آر نمبر 0280/2024، شاہین باغ، پولیس اسٹیشن، این. دہلی) جس میں ان کا نام ٹویٹر پوسٹ کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔
اے پی سی آر کے بیان کے مطابق دہلی پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر مبنی ہے جس میں اے پی سی آر کی طرف سے لگائی گئی ایک نمائش میں ندیم خان کی ویڈیو کا استعمال کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں بذات خود کوئی غیر قانونی تقریر یا سرگرمی نظر نہیں آتی ہے، اور ہم واضح طور پر اس تجویز کی تردید کرتے ہیں کہ نمائش میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی حرکت ہے۔
درحقیقت، یہ نمائش ہندوستان میں سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں کے مثبت فیصلوں اور احکامات کو ظاہر کرنے کی ایک کوشش تھی جو ملک میں نفرت پر مبنی جرائم اور پسماندہ گروہوں پر ظلم و ستم کو روکنے کی کوششوں پر مبنی ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں رونما ہونے والے نفرت انگیز جرائم کے بڑے واقعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، نمائش نے تحسین پونا والا بمقابلہ یونین آف انڈیا کے معاملے میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر بھی روشنی ڈالی تاکہ ہجومی تشدد کے واقعات کو روکنے اور ان پر مقدمہ چلایا جا سکے۔نمائش کے دوران شہریوں پر زور دیا گیاکہ وہ ان اور اس طرح کے دیگر احکامات کو نوٹ کریں، اور ایسے معاملات کے لیے دستیاب قانونی طریقہ کارکے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔ اس نمائش کی ایک ویڈیو کو دائیں بازو کے کچھ ٹوئٹر صارفین میں سوشل میڈیا پر غلط الزامات کے ساتھ وائرل کیا اور پولیس نے اسی کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف بھی سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ در اصل یہ حکومت کی جانب سے مظلوموں اور خاص طور پر مسلمانوں کی آواز بلند کرنے والوں کو دھمکانے اور حراساں کرنے کی کوشش ہے۔