ای ڈی نے پی ایف آئی کے 56 کروڑ کے اثاثے ضبط کیے

سنگاپور اور خلیجی ممالک بشمول کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں13,000 سے زیادہ اراکین کی موجودگی کا دعویٰ  

نئی دہلی ،19 اکتوبر :۔

حکومت کی طرف سے پی ایف آئی کو ممنوعہ قرار دیئے جانے کے بعد پی ایف آئی اراکین کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے گزشتہ روز جمعہ کو پی ایف آئی کے 56 کروڑ اثاثے ضبط کر لئے ہیں ۔دریںا ثنا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے   پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی)  کے سلسلے میں متعدد حیران کن دعوے بھی کئے ہیں ۔ ای ڈی کے مطابق پی ایف آئی کا بیرون ملک میں مضبوط پیٹھ ہے۔ سنگاپور اور خلیجی ممالک بشمول کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اس کے 13,000 سے زیادہ ارکان ہیں، جو مبینہ طور پر فنڈ اکٹھا کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ ان بیرون ملک مقیم ممبران کے ذریعہ جمع کیے گئے فنڈز کا پتہ لگانے سے بچنے کے لیے پیچیدہ بینکنگ راستوں اور غیر قانونی حوالہ چینلز کے ذریعے ہندوستان منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہےکہ وزارت داخلہ نے 28 ستمبر 2022 کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت PFI اور اس سے وابستہ آٹھ تنظیموں پر پابندی لگا دی تھی۔ یہ اقدام ای ڈی اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے بعد سامنے آیا ہے۔ان الزامات کی بنیاد پر کہ یہ تنظیم بنیاد پرستی اور دہشت گردی کی فنڈنگ میں ملوث تھی۔ ای ڈی نے 2021 سے سینئر عہدیداروں سمیت پی ایف آئی  کے 26 ارکان کو گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف نو چارج شیٹ داخل کی ہیں۔