ایک بار پھر بڑھنے لگا کورونا کا  خوف،24 گھنٹے میں 6لوگوں کی موت سے الرٹ

نئی دہلی ،22دسمبر :۔

کورونا نے ایک بار پھر لوگوں کو ڈرانا شروع کر دیا ہے۔راجدھانی دہلی سے ملحق یو پی کے نوئیڈا میں بھی ایک رپورٹ درج کیا گیا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا انفیکشن سے 6 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں تنہا کیرالہ سے ہی 3 اموات کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ کرناٹک میں 2 اور پنجاب میں 1 کورونا مریض کی موت کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کی بات کریں تو کورونا سے اموات کی تعداد 22 پہنچ گئی ہے۔  کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتیں سرگرم ہو گئی ہیں۔ کورونا کے نئے ویریئنٹ جے این 1 کی ٹریکنگ بھی تیز کی جا رہی ہے۔ فی الحال کورونا کے لیے سب سے خطرناک زون کیرالہ ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 42 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے 358 معاملے سامنے آئے ہیں، ان میں سے 300 کیسز تنہا کیرالہ سے ہیں۔ پورے ملک میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 2669 ہے، جن میں تنہا کیرالہ میں فعال کیسز کی تعداد 2341 ہے۔ کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج کے مطابق کیرالہ میں کورونا کے کیسز میں ہوا اضافہ فکر کی بات نہیں ہے۔ ریاست میں انفیکشن کے معاملوں سے نمٹنے کے لیے حکومت پوری طرح تیار ہے۔

اس درمیان دہلی اور این سی آر میں بھی کورونا نے دستک دے دی ہے۔ بدھ کے روز دہلی میں 3 اور غازی آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اس کے علاوہ نوئیڈا میں بھی کورونا کا ایک کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔ دہلی میں تو کورونا کے ذیلی ویریئنٹ جے این 1 کے بھی پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اب تک تین ریاستوں میں اس نئے ویریئنٹ کی تصدیق ہو چکی ہے اور متاثرین کے سیمپل بھی جینوم سیکوئنسنگ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر کی ریاستوں کو ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ خطرناک شکل نہ اختیار کر جائے ۔کیونکہ دنیا بھر میں کورونا کا خوف جو دو سال قبل دیکھا گیا تھا وہ خوف اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔