ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کے بعدایران کا اسرائیل پر شدید میزائل حملہ

 تل ابیب سمیت کئی شہروں میں مچی تباہی، متعدد زخمی،ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے بنکرمیں پناہ لی

نئی دہلی ،22 جون :۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کو ایک ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے ۔ایران کی جانب سے اسرائیل پر تباہ کن بمباری کے بعد امریکہ نے اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے کھل کر میدان میں آ چکا ہے ۔جنگ میں براہ راست شامل ہونے کے انکار اور اقرار کے درمیان امریکہ نے ایران کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کئے ہیں جس میں ایران میں بڑی تباہی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا امریکی حملے کے بعد اسرائیل نے امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے وہیں ایران نے اس حملے کے بعد زبر دست طریقے سے اسرائیل کے شہروں کو نشانہ بنایا ہے جس میں بڑی تباہی کی اطلاعات آ رہی ہیں ۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق  تل ابیب، حائفہ سمیت دیگر شہروں میں سائرن کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ اسرائیل کے زیادہ تر شہروں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایران نے اسرائیل پر جوابی حملے شروع کر دیئے ہیں۔ آئی ڈی ایف نے کہا، ’’تھوڑی دیر پہلے ایران سے اسرائیل کی طرف داغی گئی میزائلوں کی پہچان کے بعد کئی علاقوں میں سائرن بج رہے تھے۔ لوگوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کے رہنما اصول پر عمل کریں۔ اس وقت اسرائیلی فوج خطرے کو ختم کرنے کے لیے جہاں بھی ضروری ہو کام کر رہی ہے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے میزائل کے ذریعہ شمالی اور وسط اسرائیل کے شہر حائفہ، نیس جیوینا، ریشون لیجین، تل ابیب پر حملہ کیا ہے۔ ایران کے نیوز چینلوں پر بھی حملوں کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

ایران کے اس شدید میزائل حملے کی زد میں آکر کئی اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ راحت و بچاؤ خدمات کی رپورٹس کے مطابق ایران کے ذریعہ میزائل داغے جانے کے بعد وسسط اسرائیل میں کم سے کم 11 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم بچاؤ خدمات نے ایک بیان میں کہا کہ 11 لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا، جن میں سے ایک کی حالت سنگین ہے۔ کان-11 نے ملبے کے ڈھیر سے گھری ایک تباہ عمارت کی تصویر دکھائی ہے، جس کے بارے میں اس نے کہا کہ یہ وسط اسرائیل میں ہے، یہ منظر صبح 7:30 بجے اسرائیل پر داغی گئی میزائلوں کے بعد سامنے آیا ہے۔